قومی خبریں

امبانی کے گھر کے چوكيداروں کی پہلی قطار میں کھڑے ہیں مودی:راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ایک بار پھر دہرایا کہ رافیل سودے کے سلسلے میں فرانس کے صدر نے انہیں بتایا تھا کہ پی ایم مودی نے یہ معاہدہ انل امبانی کو دینے کے لئے کہا ہے، وہ ثبوت کے ساتھ بولتے ہیں کہ چوکیدار چور ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بھنڈ: کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر رافیل معاملے کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ وہ انل امبانی کے گھر کے باہر کے چوكيداروں کی صف میں پہلے مقام پر کھڑے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنی حب الوطنی کے لئے مشہور مدھیہ پردیش چمبل ڈویژن کے بھنڈ میں کیے گئے اپنے خطاب میں کہا کہ ’چوکیدار‘ نے شہیدوں کے ساتھ ہی بھنڈ کے نوجوانوں سے بھی چوری کی۔ رافیل معاہدے میں یہاں کے نوجوانوں کو ہائی تکنیکی روزگار ملتا، لیکن وزیر اعظم نے اس کا معاہدہ اور نوجوانوں کا روزگار چھین کر امبانی کے حوالے کر دیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے رافیل معاہدے پر امبانی کی چوکیداری کی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی امبانی کے گھر کے باہر کے چوكيداروں کی صف میں پہلے مقام پر کھڑے ہیں۔

راہل گاندھی کے آج کے اجلاس میں بھی چوکیدار سے متعلق متنازعہ نعرے لگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نعرہ انہوں نے نہیں دیا ہے، بلکہ یہ نوجوانوں، کسانوں اور مزدوروں کا نعرہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ وہ دہلی میں ایک لال بتی پر کھڑے تھے، تبھی پاس ہی رکنے والے ایک آٹو ڈرائیور نے انہیں دیکھ کر یہ نعرہ لگایا۔

راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر دہرایا کہ رافیل سودے کے سلسلے میں فرانس کے صدر نے انہیں بتایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ معاہدہ انل امبانی کو دینے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ثبوت کے ساتھ بولتے ہیں کہ چوکیدار چور ہے۔

انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہیے کہ اس ’چور‘ کو ’چوکیدار‘ نے کیوں منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ میں کانگریس نے یہ سوال پوچھے تو نریندر مودی نے راجیو گاندھی، اندرا گاندھی، جواہر لال نہرو سمیت سب کی بات کی، پر رافیل، امبانی اور فوج کے لوگوں کی بات نہیں کی۔ بھنڈ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر نوجوان لیڈر دیواشيش جراريا انتخابی میدان میں ہیں۔

Published: 08 May 2019, 10:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 May 2019, 10:10 PM IST