مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوج میں اپنی خدمات دینے کے لیے پُرجوش نوجوانوں کے لیے آج ایک نئی اسکیم لانچ کر دی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ ’اگنی پتھ‘ کے نام سے پیش کردہ اس اسکیم میں نوجوانوں کو 4 سال کے لیے ملازمت ملے گی اور اس کے ساتھ کئی طرح کی سہولیات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے فوج کی بھرتی کے عمل میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ’مشن اگنی پتھ‘ کا اعلان کیا اور اس موقع پر ہوئی پریس کانفرنس میں راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ساتھ تینوں ہی فوج کے سربراہان یعنی آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، ایئر چیف مارشل وی آر چودھری اور بحریہ چیف ایڈمیرل آر ہری کمار بھی موجود تھے۔
Published: undefined
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے لانچ کی گئی یہ اسکیم خصوصاً ملک کی خدمت کرنے والے نوجوانوں کے لیے شروع کی گئی ہے۔ اس منصوبہ کے تحت ملک کے نوجوان 4 سال کے لیے فوج میں داخل ہو سکیں گے۔ یعنی اس منصوبہ میں شارٹ ٹرم سروس کے لیے نوجوانوں کی تقرری کی جائے گی۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کی سیکورٹی کو مضبوط کرنے کے لیے یہ منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس منصوبہ میں کسی بھی ریجمنٹ کے لیے آپ درخواست کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ریجمنٹ میں ذات، مذہب، علاقہ کو سامنے رکھتے ہوئے بھرتی نہیں کی جائے گی۔
Published: undefined
اس نئے منصوبہ میں کئی طرح کی سہولیات پیش کی گئی ہیں اور کئی اہم باتوں کی طرف مرکزی وزیر دفاع نے اشارہ بھی کیا ہے۔ مثلاً چار سال بعد فوجیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی انھیں ملازمت چھوڑتے وقت سروس فنڈ پیکیج ملے گا۔ اس منصوبہ میں پنشن کا التزام نہیں ہوگا بلکہ پیسہ یکمشت ملے گا۔ اگنی پتھ منصوبہ کے تحت بھرتی ہونے والے فوجیوں کو ’اگنی ویر‘ کہا جائے گا اور اس کے تحت فوج میں بھرتی ہونے والے بیشتر جوانوں کو چار سال بعد خدمات سے سبکدوش کر دیا جائے گا۔
Published: undefined
اگنی پتھ اسکیم کے تحت مرکزی حکومت ’اگنی ویروں‘ کو اچھی تنخواہ بھی دینے والی ہے۔ 4 سال کی ملازمت کے بعد بھی نوجوانوں کو مستقبل کے لیے کافی نئے مواقع دیئے جانے کی بات کہی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس منصوبہ کے تحت 17.5 سال سے 21 سال کے نوجوان ایپلائی کر سکتے ہیں۔ اس میں 10 ہفتے سے 6 مہینے تک کی ٹریننگ کا انتظام ہوگا۔ اس منصوبہ کے تحت اگر تنخواہ کی بات کی جائے تو وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو پہلے سال 4.76 لاکھ کا سالانہ پیکیج ملے گا۔ آخری یعنی چوتھے سال میں یہ بڑھ کر 6.92 لاکھ تک پہنچ جائے گا۔
Published: undefined
بتایا جا رہا ہے کہ رِسک (جوکھم) اور ہارڈشپ (جانفشانی) والے بھتوں یعنی الاؤنس کا فائدہ بھی ’اگنی ویروں‘ کو ملے گا۔ 4 سال کی ملازمت مکمل ہونے کے بعد اس منصوبہ کے تحت فوج میں بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو 11.7 لاکھ روپے سروس فنڈ کی شکل میں دیا جائے گا۔ اس رقم پر کسی بھی طرح کا کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز