کیرالہ میں ماب لنچنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک مہاجر مزدور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ معاملہ عشق و معاشقہ کا بتایا جا رہا ہے، حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں کہا جا رہا ہے۔ چونکہ مہلوک ایک مہاجر مزدور تھا، اس لیے پولیس نے فوری طور پر معاملہ درج کر لیا ہے اور ملزمین کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔
Published: undefined
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کے مواتوپوئزا میں دو دن قبل بھیڑ نے ایک مہاجر مزدور کی شدید پٹائی کر دی جس کی علاج کے دوران موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں 10 ملزمین کو گرفتار کیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہلوک کی شناخت 24 سالہ اشوک داس کی شکل میں ہوئی ہے۔ وہ اروناچل پردیش کا باشندہ تھا اور ملازمت کے لیے کیرالہ آیا تھا۔ وہ مواتوپوئزا کے قریب ولکم میں ایک کرایہ کے مکان میں رہتا تھا۔
Published: undefined
پولیس نے جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ اشوک داس کو کھمبے میں باندھ کر پیٹا گیا۔ وہ علاقے میں ہی رہنے والی ایک خاتون دوست سے ملنے گیا تھا۔ اس کے بعد مقامی لوگوں نے پہلے اس سے پوچھ تاچھ کی اور پھر کھمبے سے باندھ کر خوب پٹائی کی۔ بعد میں اسے قریب کے ایک سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حالت بگڑنے کے بعد اسے کولین چیری میڈیکل کالج میں منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران اس نے دَم توڑ دیا۔
Published: undefined
پولیس کا کہنا ہے کہ اشوک داس کی شدید پٹائی ہوئی تھی جس سے اس کو سنگین چوٹیں آئی تھیں۔ انہی چوٹوں کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔ اس معاملے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 174 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ ابتدائی جانچ کے بعد اس میں تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کو بھی جوڑ دیا گیا۔ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا اور جلد از جلد سبھی کی شناخت کر انھیں گرفتار کیا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined