نئی دہلی: مسلسل زہر افشانی کرکے اور جھوٹی خبریں چلاکر مسلمانوں کی شبیہ کوداغدار اور ہندوؤں اورمسلمانوں کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنے کی دانستہ سازش کرنے والے ٹی وی چینلوں کے خلاف داخل کی گئی جمعیۃ علما ہند کی عرضی پر 27 اگست کو سماعت ہوگی۔ گذشتہ شام سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری فہرست میں یہ بات بتائی گئی۔
جمعیۃ نے جہاں مرکزی حکومت کے حلف نامہ پر جواب داخل کیا ہے وہیں اس نے گزشتہ جمعہ کو بمبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ کے تبلیغی جماعت کے بارے میں آنے والے فیصلے کو بھی منسلک کیا ہے۔
Published: undefined
معاملے کی سماعت چیف جسٹس اے ایس بوبڈے کی سربراہی والی تین رکنی بینچ جس میں جسٹس اے ایس بوپننا اور جسٹس وی رام سبرامنیم شامل ہیں کریں گے۔ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ دشینت دوے بحث کریں گے جبکہ ان کی معاونت کے لیئے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول، ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ اکریتی چوبے و دیگر موجود رہیں گے۔
اس معاملے میں فریق بنے جمعتہ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے بتایا کہ گذشتہ سماعت پر سینئر ایڈوکیٹ دوشینت دوے (صدر سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن) نے عدالت کو بتایا تھا کہ تبلیغی مرکزکو بنیادبناکر پچھلے دنوں میڈیا نے جس طرح اشتعال انگیز مہم شروع کی یہاں تک کہ اس کوشش میں صحافت کی اعلیٰ اخلاقی قدروں کو بھی پامال کردیا گیا اس سے مسلمانوں کی نہ صرف یہ کہ سخت دلآزاری ہوئی ہے بلکہ ان کے خلاف پورے ملک میں منافرت میں اضافہ ہوا ہے۔
Published: undefined
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک عام سے واقعہ کو میڈیا کے بڑے حلقے نے غیر معمولی واقعہ بناکر پیش کیا اور اس کے لئے جھوٹ کو بنیادبنایا گیا یہاں تک کہ کرونا وائرس کی وبا ء کو کرونا جہاد سے تعبیر کرکے یہ تاثردینے کی مجرمانہ کوشش کی گئی کہ ملک میں اس وباکو مسلمانوں نے پھیلایا ہے اس سے عوام کی اکثریت نہ صرف گمراہ ہوئی بلکہ عام مسلمانوں کو لوگ شک کی نظرسے دیکھنے لگے ہیں۔
ایڈوکیٹ دشینت دوے نے عدالت سے گذارش بھی کی تھی کی پٹیشن پر جلد از جلد فیصلہ صادر کیا جائے جس پر چیف جسٹس آف انڈیا ناراض ہوگئے تھے اور انہوں نے کہا کہ تھا کہ عدالت پر ایسے دباؤ نہیں بنایا جاسکتا جس پر دشینت دوے نے کہا تھا کہ چار ماہ سے زائد کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ابھی تک عدالت فیصلہ نہیں کرسکی ہے اور تاریخ پر تاریخ دی جارہی ہے نیز حکومت کی جانب سے بھی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے اس کے برخلاف حکومت نے اپنا جواب داخل کرنے میں دو ماہ کا وقت لیا۔
Published: undefined
گلزار اعظمی نے کہا کہ وکیل اعجاز مقبو ل نے مرکزی حکومت کی جانب سے داخل حلف نامہ کی مخالف میں عدالت میں جواب داخل کیا ہے جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ حکومت نفر ت اور جھوٹی خبریں پھیلانے والے نیوز چینلزپر بجائے کارروائی کرنے کے انہیں بچانے کا کھیل کھیل رہی ہے۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ ایک جانب جہاں حال ہی میں ممبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں داخل کیا گیا وہیں دیڑھ سو چینلوں اور اخبارات کی کٹنگ اور تفصیلات داخل کی گئی ہیں جس میں انڈیا ٹی وی، زی نیوز، نیوز نیشن، ری پبلک بھارت، ری پبلک ٹی وی، سودرشن نیوز اور بعض دوسرے چینل شامل ہیں جنہوں نے صحافتی اصولوں کو تار تار کرتے ہوئے مسلمانوں کی دل آزاری اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ناپاک سازش رچی تھی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined