قومی خبریں

ممتا جی اپوزیشن پر حملے بند کرائیں: ادھیر رنجن

ادھیر چودھری نے ممتا بنرجی کے مشہور نعرہ ”میں بدلہ نہیں، تبدیلی چاہتی ہوں“ کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ آپ نے خود اپنے نعرے کو فراموش کر دیا ہے۔ بنگال میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

ادھیر رنجن چودھری، تصویر سوشل میڈیا
ادھیر رنجن چودھری، تصویر سوشل میڈیا 

کلکتہ: بی جے پی لیڈر منیش شکلا کے بہیمانہ قتل پر ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے وزیر اعلی ممتا بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگال میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ بنگال میں سیاسی قتل و غارت گری کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کا مطلب ہرگز دشمن نہیں ہوتا ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ سیاسی قتل بنگال میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کی پولیس اسٹیشن کے قریب قتل نے حکومت اور ریاست میں لا اینڈ آرڈر پر سوالیہ نشان لگا دیئے ہیں۔

Published: undefined

ادھیر چودھری نے کہا کہ دیدی اگر آپ چاہیں گی تو قاتل پکڑا جائے گا، اگر آپ نہیں چاہیں گی تو کسی اور کو گرفتار کرلیا جائے گا اور اصل قاتل گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ڈی بھی آپ کی منشا کے خلاف اس معاملے کی جانچ نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ خود ممتا بنرجی کے پاس ہے اس لئے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنگال میں اپوزیشن لیڈروں پر قاتلانہ حملے کی سیاست بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ یاد رکھنا آپ ہمیشہ اقتدار میں نہیں رہیں گے۔

Published: undefined

ادھیر چودھری نے ممتا بنرجی کے مشہور نعرہ ”میں بدلہ نہیں، تبدیلی چاہتا ہوں“ کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ آپ نے خود اپنے نعرے کو فراموش کر دیا ہے۔ بنگال میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں ہے جمہوریت برائے نام ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ اتوار کی شام کو، چار بندوق برداروں نے ٹیٹاگڑھ پولیس اسٹیشن کے سامنے واقع بی جے پی کے دفتر میں داخل ہوکر ٹیٹا گڑھ میونسپل کارپوریشن کے بی جے پی کونسلر منیش شکلا پر فائرنگ کردی۔ اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی منیش شکلا کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد ہی ریاست میں سیاست ایک بار پھر گرم ہوگئی ہے۔ بی جے پی کی قیادت نے اس میں ترنمول لیڈروں کے ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تاہم ممتا حکومت نے سی آئی ڈی کو منیش شکلا کے قتل کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

Published: undefined

ادھر، تفتیش کاروں نے قتل کے الزام میں منگل کی صبح بارک پور کے علاقے سے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا نام محمد خرم خان، گلاب شیخ ہے۔ راجو نامی ایک اور شخص ریڈار پر ہے۔ سی آئی ڈی ذرائع کے مطابق منیش کی ان سے ذاتی دشمنی تھی اور اس کی وجہ سے ہی یہ سازش رچی گئی تھی۔ ان دونوں سے تفصیل سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined