نئی دہلی: وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں کورونا ویکسین کی فراہمی میں اضافے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کا نام تبدیل کرنے کی تجویز پر جلد سے جلد کارروائی کی اپیل کی۔ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور یہ نصف گھنٹے تک جاری رہی۔ دونوں کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلی نے کہا کہ بنگال انتخابات اور وزارت اعلیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعدان کی وزیرا عظم مودی اور صدر جمہوریہ سے تفصیلی ملاقات نہیں ہوئی تھی اس لئے وہ ان دونوں سربراہوں سے ملنا چاہتی تھیں۔
Published: undefined
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے ریاست میں مزید کورونا ویکسین فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں آبادی کے اعتبار سے کورونا ویکسین فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ بنگال میں کورونا کی شرح 7 فیصد ہے۔ کورونا کی تیسری لہر آنے سے قبل ملک کے ہر ایک شہری کو کورونا ویکسین لگ جانے کا ہدف ہونا چاہیے۔ وزیرا عظم اور ممتا بنرجی کے درمیان ملاقات سے متعلق وزیر اعظم کے دفتر سے ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ آج ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی۔
Published: undefined
وزیر اعلی نے مزید کہا کہ ریاست کا نام تبدیل کرنے کا معاملہ مرکز کی منظوری کے لئے طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ اس لئے ہم نے وزیر اعظم سے اس سلسلے میں جلد سے جلد کارروائی کی اپیل کی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس کے علاوہ ریاست کے کچھ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ تاہم وزیراعلیٰ نے ان مطالبات کے جواب میں وزیر اعظم نے کیا کہا اس کی وضاحت نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں ان کے حوالے سے باتیں کہنا مناسب نہیں ہوگا۔ تاہم ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ان مطالبات پر غور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
Published: undefined
ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں’’پیگاسس‘‘ سے متعلق کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی کو کل جماعتی میٹنگ بلانی چاہیے اور سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات ہونی چاہیے۔ تاہم، ممتا بنرجی نے یہ نہیں بتایا کہ آیا اس معاملے پر ان سے وزیر اعظم کے ساتھ کوئی بات چیت ہوئی ہے یا نہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز