قومی خبریں

مہاراشٹر میں سیاست نے لی زبردست پلٹی، شیوسینا کا خواب چکناچور کر فڑنویس بنے وزیر اعلیٰ

جمعہ کی رات تک شیوسینا یہ دعویٰ کر رہی تھی کہ این سی پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر وہ حکومت سازی کرے گی، لیکن ہفتہ کی صبح این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے کر سب کو حیران کردیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مہاراشٹر کی سیاست نے ہفتہ (23 نومبر) کی صبح ایک زبردست کروٹ اس وقت لی جب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ دیویندر فڑنویس کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنانے میں اہم کردار نبھایا ہے این سی پی نے۔ وہی این سی پی جس کے ساتھ مل کر شیوسینا حکومت سازی کا دعویٰ کر رہی تھی۔ جمعہ کی رات تک شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی مشترکہ حکومت بننے کی بات سبھی میڈیا چینل کہہ رہی تھی، لیکن ہفتہ کی صبح مہاراشٹر کی سیاست میں اس وقت اتھل پتھل مچ گئی جب تقریباً 8 بجے دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا۔

Published: 23 Nov 2019, 9:29 AM IST

اس نئے سیاسی ماحول نے شیوسینا کو زبردست جھٹکا پہنچایا ہے۔ شیوسینا نے جمعہ کو کہا تھا کہ کانگریس اور این سی پی سے سبھی ایشوز پر بات چیت ہو گئی ہے اور متفقہ طور پر شیوسینا سے 5 سال کا وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ این سی پی و کانگریس کے کئی لیڈران بھی کئی مرتبہ واضح لفظوں میں اس طرح کا بیان دیا کہ وہ شیوسینا کے ساتھ حکومت سازی کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس مقصد سے ایک کم از کم مشترکہ پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔

Published: 23 Nov 2019, 9:29 AM IST

نئے سیاسی ماحول میں ایک طرف جہاں بی جے پی میں خوشی کا ماحول ہے، وہیں شیوسینا کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ کچھ ذرائع کا یہ ضرور کہنا ہے کہ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان بات چیت ہوئی ہے اور این سی پی سربراہ شرد پوار نے انھیں صاف لفظوں میں کہا ہے کہ اس پورے معاملے کی انھیں کوئی جانکاری نہیں ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے بھی ایک ینوز پورٹل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شرد پوار کو نئے سیاسی ماحول کے بارے میں پہلے سے کوئی جانکاری نہیں تھی۔

Published: 23 Nov 2019, 9:29 AM IST

اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔ پی ایم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔‘‘ امت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔

Published: 23 Nov 2019, 9:29 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Nov 2019, 9:29 AM IST