قومی خبریں

مہاراشٹر سیاسی ہلچل LIVE: دیویندر فڑنویس نے ادھو ٹھاکرے پر لگائے کئی الزامات

مہاراشٹر میں حکومت کی تشکیل کو لے کر ابھی تک کچھ بھی صاف نہیں ہوا ہے۔ ایک طرف بی جے پی اور شیوسینا اپنے مطالبات کو لے کر بضد ہے اور دوسری طرف شرد پوار خاموشی کے ساتھ پورے معاملے پر نظر رکھے رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

استعفیٰ کے بعد دیویندر فڑنویس نے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے پر لگائے کئی الزامات

بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے پر کئی الزامات عائد کیے۔ انھوں نے پریس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے انتخابی نتیجہ برآمد ہونے کے بعد بی جے پی سے بات چیت کرنے کی جگہ این سی پی-کانگریس سے بات چیت کرنا زیادہ اہم سمجھا۔ فڑنویس نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے ادھو ٹھاکرے کو کئی مرتبہ فون کیا لیکن انھوں نے بات نہیں کی۔

شیو سینا کے ذریعہ ڈھائی سال کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے مطالبہ کے تعلق سے دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا تھا اور اس بات کو امت شاہ و نتن گڈکری نے بھی صاف صاف کہہ دیا ہے کہ کبھی بھی وزیر اعلیٰ عہدہ کی ڈھائی ڈھائی سال کے لیے تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا تھا۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے دیا استعفیٰ، تھوڑی دیر میں پریس کانفرنس

شیوسینا کی ضد نے اپنا اثر دکھا دیا ہے اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑ گیا ہے۔ انھوں نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کر کے انھیں اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا۔ اب تھوڑی دیر میں وہ پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔

دیویندر فڑنویس کے استعفیٰ کے بعد مہاراشٹر کی سیاست گرم ہو گئی ہے۔ سبھی پارٹیوں میں ہلچل تیز ہو گئی ہے اور میڈیا ذرائع کے مطابق ایک طرف ادھو ٹھاکرے اپنے سبھی اراکین اسمبلی سے شام میں ملاقات کریں گے اور دوسری طرف بہت جلد شیوسینا لیڈر سنجے راؤت این سی پی سربراہ شرد پوار سے بھی ملاقات کریں گے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

ادھو ٹھاکرے آج شام ہوٹل رنگ شاردار میں سبھی اراکین اسمبلی سے کریں گے ملاقات

شیوسینا لیڈر سنیل پربھو نے کہا ہے کہ ادھو ٹھاکرے آج شام ہوٹل رنگ شاردا میں اراکین اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ادھو ٹھاکرے اپنے اراکین اسمبلی سے ریاست میں حکومت سازی کے تعلق سے گفت و شنید کریں گے۔ اس درمیان این سی پی سربراہ شرد پوار نے مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد انھوں نے کہا ہے کہ شیوسینا اور بی جے پی کو بغیر وقت برباد کیے ساتھ آنا چاہیے اور مہاراشٹر مین حکومت تشکیل دینی چاہیے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

شیوسینا سے وزیر اعلیٰ عہدہ دینے کا وعدہ کبھی نہیں کیا گیا: نتن گڈکری

ابھی تک شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور پارٹی کے قومی ترجمان سنجے راؤت لگاتار یہ بیان دے رہے تھے کہ لوک سبھا انتخاب میں اتحاد کے وقت بی جے پی نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے بعد 50-50 فارمولے کے تحت ان کی طرف سے ڈھائی سال کا وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا، لیکن نتن گڈکری نے اس طرح کی باتوں کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر نتن گڈکری نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی کرسی ڈھائی سال کے لیے شیوسینا کو دینے کا کبھی بھی وعدہ نہیں کیا گیا۔ گڈکری کا یہ بیان شیو سینا کے لیے ایک جھٹکا ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ بی جے پی کے کسی لیڈر نے ان کے دعووں کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

شیوسینا ہیڈکوارٹر میں پارٹی ایم پی اور سینئر لیڈروں کی میٹنگ جاری، ادھو ٹھاکرے بھی موجود

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کافی تیز ہو گئی ہے۔ اس وقت شیوسینا ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے سینئر لیڈروں اور اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ جاری ہے جس میں پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے اور ان کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں شیوسینا کوئی بڑا فیصلہ لے سکتی ہے کیونکہ ابھی تک بی جے پی نے اسے وزیر اعلیٰ عہدہ دینے کی بات نہیں مانی ہے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

بی جے پی نے کانگریس اراکین اسمبلی کو بھی دیا پیسوں کا لالچ: نتن راؤت

مہاراشٹر کانگریس کے لیڈر نتن راؤت نے سیاسی ہلچل کو مزید تیز کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ بی جے پی نے کانگریس اراکین اسمبلی کو بھی پیسوں کا لالچ دیا۔ انھوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس ملی ہیں کہ کچھ کانگریس اراکین اسمبلی سے بی جے پی لیڈروں نے رابطہ کیا ہے اور انھیں پیسے کا لالچ دیا ہے۔ نتن راؤت نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ کل ہمارے ایک یا دو اراکین اسمبلی کو 25 کروڑ کا آفر انھوں نے دیا تھا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کرناٹک کی طرز پر جو مہاراشٹر میں ہورس ٹریڈنگ ہو رہا ہے، اسے روکا جائے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

شیوسینا کے ایک رکن اسمبلی کو بی جے پی نے دیا 50 کروڑ کا آفر: کانگریس

مہاراشٹر کانگریس کے ایک لیڈر نے الزام عائد کیا ہے کہ شیو سینا کے ایک رکن اسمبلی کو بی جے پی نے 50 کروڑ کا آفر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر کے اس الزام کے بعد شیوسینا ترجمان ’سامنا‘ میں گزشتہ دنوں اشاروں اشاروں میں بی جے پی پر لگایا گیا ہورس ٹریڈنگ کا الزام صحیح معلوم پڑ رہا ہے۔ اسی خرید و فروخت کے اندیشے کے پیش نظر شیوسینا نے اپنے سبھی اراکین اسمبلی کو پانچ ستارہ ہوٹل رنگ شاردا میں جمع کر دیا ہے اور سبھی دو دنوں تک یہیں رکے رہیں گے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

گڈکری آج دوپہر تک ادھو ٹھاکرے سے کر سکتے ہیں ملاقات

میڈیا ذرائع کے مطابق سرکردہ ہندو لیڈر سنبھا جی بھڑے فڑنویس اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان مصالحت کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انھوں نے ماتو شری پہنچ کر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کرنی چاہی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ اس درمیان ایک بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر نتن گڈکری دوپہر تک شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ چونکہ 9 نومبر مہاراشٹر اسمبلی کا آخری دن ہے، اس لیے گڈکری-ٹھاکرے ملاقات کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ اگر گڈکری آج ادھو ٹھاکرے سے ملتے ہیں اور کوئی حل نہیں نکل پاتا تو پھر دیویندر فڑنویس کو وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑ سکتا ہے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

عوام نے ہمیں مہاراشٹر کی حفاظت کے لیے ووٹ دیا، ہم بی جے پی حکومت نہیں بننے دیں گے: حسین دلوائی

کانگریس لیڈر حسین دلوائی نے آج مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ سبھی کانگریس اراکین اسمبلی متحد ہیں اور کوئی بھی پارٹی چھوڑ کر نہیں جانے والا۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ سبھی اراکین اسمبلی پارٹی اعلیٰ کمان کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں اور آگے بھی کریں گے۔ ہم بی جے پی حکومت ریاست میں نہیں بننے دیں گے۔

حسین دلوائی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے این سی پی کے تعلق سے کہا کہ ’’این سی پی ہماری اتحادی پارٹی ہے، وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ عوام نے ہمیں مہاراشٹر کی حفاظت کے لیے ووٹ دیا ہے اور ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔‘‘

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

بی جے پی-شیوسینا میں رسہ کشی جاری، خرید و فروخت کے خوف سے شیوسینا ایم ایل اے ہوٹل میں بند!

مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل جاری ہے اور بی جے پی و شیوسینا میں سے کوئی بھی اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اس درمیان شیوسینا نے اپنے اراکین اسمبلی کو رنگ شاردا ہوٹل میں جمع کیا ہے اور سب دو دن تک یہیں ٹھہریں گے۔ ایسا اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ دوسری طرف این سی پی سربراہ شرد پوار نے ابھی تک پتے صاف نہیں کیے ہیں اور سیاسی ماحول پر گہرائی کے ساتھ نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ مہاراشٹر میں اب اونٹ کسی بھی کروٹ بیٹھ سکتا ہے۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Nov 2019, 9:06 AM IST