ادھوو ٹھاکرے کو شیو سینا، این سی پی اور کانگریس کے اتحاد (مہا وکاس اگھاڈی) کا قائد منتخب کر لیا گیا ہے۔ اتحاد کے قائد کی حیثیت سے تمام اراکین اسمبلی نے ادھو ٹھاکرے کے نام کی تائید کی۔ اس کے ساتھ ہی یہ بات واضح ہوگئی کہ ادھو ٹھاکرے مہاراشٹر کے نئے وزیر اعلی ہوں گے۔
ادھو ٹھاکرے کے قائد منتخب ہونے کے بعد این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے اتحاد کے تین نمائندے آج گورنر سے ملاقات کریں گے۔ پوار نے یہ بھی کہا کہ ادھو ٹھاکرے کے ماتحت مخلوط حکومت یکم دسمبر کو شیواجی پارک میں حلف اٹھائے گی۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
بی جے پی کے رکن اسمبلی کالیداس کولمبر کو مہاراشٹر اسمبلی کا پروٹیم (عبوری) اسپیکر مقرر کیا گیا ہے۔ راجبھون میں گورنر نے انہیں پروٹیم اسپیکر کی حیثیت سے حلف دلایا۔ کالیداس کولمبر نے حلف لینے کے بعد کہا کہ مہاراشٹر کے نو منتخب ارکان اسمبلی کل کو حل لیں گے۔
واضح رہے کہ کولمبکر مسلسل کئی مرتبہ اسمبلی انتحابات میں کامیاب ہوئے ہیں ،کانگریس کے ٹکٹ پر انہوں نے 2014 میں پانچواں الیکشن لڑاتھا ،لیکن اس بار نرائن رانے کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور وڈالااسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے۔عارضی اسپیکر کی حیثیت سے کالی داس کولمبکر اراکین اسمبلی کو ایوان میں حلف دلائیں گے۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
گونر بھگت سنگھ کوشیاری نے کل صبح 8 بجے اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ کل مہاراشٹر میں اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوگا۔ اس دوران ارکان اسمبلی کو حلف بھی دلایا جائے گا۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
ممبئی میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے مل کر وزیر اعلیٰ دینویندر فڑنویس نے ریاست کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت گر گئی ہے۔ لیکن اس کے بعد بھی مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور دیکھنے والی بات یہ ہے کہ لک کس طرح کا ماحول ہوگا۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
دیویندر فڑنویس نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان تو کیا ہی، ساتھ ہی انھوں نے پریس کانفرنس میں بننے والی نئی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دیے جانے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ صبح میں اجیت پوار مجھ سے ملے اور کہا کہ وہ ذاتی اسباب کی بنا پر اپنا استعفیٰ دے رہے ہیں۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ان کے پاس نمبر نہیں ہے اور اب وہ گورنر کے پاس اپنا استعفیٰ نامہ سونپنے کے لیے جا رہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں فڑنویس نے کہا کہ ’’مہاراشٹر کی عوام نے بی جے پی-شیوسینا اتحاد کو حکومت بنانے کے لیے مینڈیٹ دیا تھا لیکن شیوسینا نے ہمارا ساتھ چھوڑ دیا اور کانگریس و این سی پی سے بات چیت کرنے لگی۔‘‘
دیویندر فڑنویس نے بی جے پی کو ملی 105 سیٹوں کا حوالہ بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ سب سے زیادہ سیٹیں بی جے پی کو حاصل ہوئی تھیں اور عوام چاہتی تھی کہ بی جے پی حکومت بنے لیکن 70 فیصد سیٹ حاصل کرنے والی بی جے پی کا ساتھ شیوسینا نے چھوڑ دیا۔‘‘
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے کی خبر کے بعد شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کا بڑا بیان منظر عام پر آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اب ہم مہا اکثریت ثابت کریں گے اور بی جے پی کو اپنی طاقت دکھا دیں گے۔‘‘ سنجے راؤت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اجیت دادا نے صحیح قدم اٹھایا ہے اور جلد ریاست میں شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی حکومت دیکھنے کو ملے گی۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
این سی پی لیڈر اجیت پوار نے فلور ٹسٹ سے پہلے ہی نائب وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ حالانکہ این سی پی لیڈر جینت پاٹل نے اس سلسلے میں فی الحال کوئی جانکاری نہ ہونے کی بات کہی ہے۔ سپریم کورٹ کے ذریعہ 27 نومبر کو فلور ٹسٹ کرائے جانے سے متعلق فیصلہ سنائے جانے کے بعد مہاراشٹر کی سیاست میں اجیت پوار کا استعفیٰ ایک بڑی ہلچل کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ چونکہ ساڑھے تین بجے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس میڈیا سے خطاب کرنے والے ہیں، اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ ابھی مہاراشٹر کا ڈرامہ اور بھی رنگ دکھانے والا ہے۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
ممبئی میں سیاسی ہلچل کے درمیان کانگریس، این سی پی اور شیوسینا اراکین اسمبلی کی آج شام 5 بجے مشترکہ میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں تینوں پارٹیوں پر مبنی تشکیل نئے اتحاد کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
سابق وزیر اعظم اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا این سی پی، شیوسینا اور کانگریس مہاراشٹر میں حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوں گے؟ اس پر انھوں نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ یہ پارٹیاں مل کر حکومت بنائیں گی۔‘‘ ساتھ ہی آج سپریم کورٹ کے ذریعہ صادر فیصلے پر انھوں نے کہا کہ ’’ہم سبھی سپریم کورٹ کی عزت کرتے ہیں، ہمیں عدالت کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔‘‘
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے سپریم کورٹ کے ذریعہ 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرائے جانے کے حکم پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’سچ کی جیت ہوئی ہے۔ عدالت نے ہمیں اکثریت ثابت کرنے کے لیے 30 گھنٹے کا وقت دیا ہے، ہم 30 منٹ میں اکثریت ثابت کر دیں گے۔‘‘
سنجے راؤت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے اس سلسلے میں دو ٹوئٹ کیے۔ پہلے ٹوئٹ میں انھوں نے صرف ’ستیہ میو جیتے‘ (سچ کی جیت) لکھا جب کہ دوسرے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’سچ پریشان ہو سکتا ہے، شکست نہیں کھا سکتا۔ جے ہند‘‘۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
مہاراشٹر میں فلور ٹسٹ کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد کانگریس صدر سونیا گاندھی کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ 27 نومبر کو ہونے والے فلور ٹسٹ میں کانگریس-این سی پی-شیوسینا کی جیت ہوگی۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
سپریم کورٹ کے ذریعہ 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرائے جانے کا حکم سنائے جانے کے بعد این سی پی ترجمان نواب ملک نے اپنا پہلا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے آج جو فیصلہ سنایا ہے وہ ہندوستانی جمہوریت میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کل 5 بجے سے پہلے یہ صاف ہو جائے گا کہ بی جے پی کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ دنوں میں یہاں شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی حکومت ہوگی۔‘‘
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
مہاراشٹر میں فڑنویس حکومت کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے نہ صرف 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرانے کا حکم سنایا بلکہ یہ بھی کہا کہ کوئی سیکرٹ ووٹنگ نہیں ہوگی اور پورے عمل کی لائیو ریکارڈنگ بھی کرائی جائے گی۔ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی لیڈران سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے انتہائی خوش ہیں اور اسے جمہوریت کی فتح قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلور ٹسٹ سے قبل سبھی اراکین اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا۔ اس کے بعد ہی اکثریت ثابت کرنے کے لیے فلور ٹسٹ کرایا جائے گا۔ فلور ٹسٹ پروٹیم اسپیکر ہی کرائیں گے۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
سپریم کورٹ نے شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 27 نومبر کی شام فلور ٹسٹ کرانے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ بی جے پی نے عدالت عظمیٰ سے گزارش کی تھی کہ اکثریت ثابت کرنے کے لیے کچھ زیادہ دن کا وقت دیا جائے جسے نامنظور کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اپوزیشن کا یہ بھی مطالبہ قبول کر لیا ہے کہ فلور ٹسٹ براہ راست ہوگا اور کسی بھی طرح کا سیکرٹ بیلٹ نہیں ہوگا۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
مہاراشٹر پر سپریم کورٹ سے تھوڑی دیر میں فیصلہ آنے والا ہے۔ پورے ملک کی اس پر نگاہیں مرکوز ہیں۔ تینوں جج عدالت پہنچ چکے ہیں اور فیصلہ سنانے کے لیے بیٹھ چکے ہیں۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
مہاراشٹر قانون سازیہ کے سکریٹری راجندر بھاگوت نے این سی پی قانون ساز پارٹی لیڈر معاملہ پر ایک بیان میڈیا کو دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سکریٹریٹ کو ایک خط موصول ہوا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جینت پاٹل این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر ہیں۔ لیکن فیصلہ اسپیکر کو لینا ہے۔ فی الحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔‘‘
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
مہاراشٹر تنازعہ پر سپریم کورٹ آج 10.30 بجے فیصلہ سنانے والا ہے اور اس سے قبل شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’162 اور مزید... انتظار کیجیے اور دیکھیے!‘‘ واضح رہے کہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس نے پیر کی شام ممبئی کے ہوٹل حیات میں اپنے 162 اراکین اسمبلی کی میڈیا کے سامنے پریڈ کرائی تھی۔ سنجے راؤت کا ٹوئٹ اسی کے پیش نظر ہے اور انھوں نے واضح کیا ہے کہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس کو حمایت دینے والے اراکین اسمبلی کی تعداد 162 سے بھی زیادہ ہوگی۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
مہاراشٹر میں دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ کا حلف تو لے لیا لیکن شیوسینا، این سی پی اور کانگریس ان کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئی۔ پیر کو معاملہ پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ آج صبح 10.30 بجے اس سلسلے میں فیصلہ سنانے والا ہے۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Nov 2019, 8:51 AM IST
تصویر: پریس ریلیز