قومی خبریں

مہاراشٹر-کرناٹک سرحد تنازعہ میں شدت، بیلگاوی میں مہاراشٹر کے ٹرکوں پر پتھراؤ، حالات کشیدہ

مہاراشٹر-کرناٹک سرحد تنازعہ کے پیش نظر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے دونوں ریاستوں کے عوام سے کہا ہے کہ وہ خیر سگالی کا ماحول بنائے رکھیں اور تشدد پر آمادہ نہ ہوں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

کرناٹک اور مہاراشٹر کے درمیان جاری سرحد تنازعہ نے بیلگاوی علاقہ میں حالات کو کشیدہ کر دیا ہے۔ سرحدی علاقہ بیلگاوی میں تشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور منگل کے روز تو بیلگاوی کے باگیواڑی میں شدید احتجاجی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ اس دوران کرناٹک رکشن ویدیکے سے جڑے کارکنان نے مہاراشٹر کے ٹرکوں پر پتھراؤ کیا۔

Published: undefined

پرتشدد مظاہرہ اور ٹرکوں پر پتھراؤ کی خبر ملنے کے بعد مقامی پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس کے باوجود علاقے میں ماحول کشیدہ ہے اور پولیس فورس کی تعیناتی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کے دو وزراء نے آج ہونے والے اپنے بیلگاوی دورہ کو منسوخ کر دیا ہے۔

Published: undefined

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرناٹک رکشن ویدیکے کارکنان نے ان ٹرکوں کو آگے بڑھنے سے روکا جن پر مہاراشٹر کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ ایک ٹرک پر پتھراؤ بھی ہوا اور کارکنان شدت کے ساتھ شاہراہ پر دھرنا و مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔ پولیس کے ذریعہ کچھ کارکنان کو حراست میں لیے جانے کے بعد حالات کچھ بہتر ہوئے۔

Published: undefined

اس درمیان کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے دونوں ریاستوں کی عوام سے کہا ہے کہ وہ خیر سگالی کا ماحول بنائے رکھیں اور تشدد پر آمادہ نہ ہوں۔ ساتھ ہی بومئی نے کرناٹک کے عوام کو بھروسہ دلایا ہے کہ سرحد تنازعہ کو لے کر قانونی جنگ میں کرناٹک کی جیت ہوگی کیونکہ ریاست کا رخ قانونی و آئینی دونوں لحاظ سے مثبت ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined