قومی خبریں

’جمہوریت کا مذاق اڑانے والی بی جے پی کو مہاراشٹر اور ملک کی عوام سبق سکھائے گی‘

کانگریس کے 139ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ناگپور میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اگر کانگریس برسراقتدار ہوئی تو ہم ذات پر مبنی مردم شماری کرائیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>

تصویر @INCIndia

 

ناگپور/ممبئی: ’’اس وقت ملک میں جمہوریت اور آئین خطرے میں ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ مرکز میں 32 لاکھ سرکاری عہدے خالی ہونے کے باوجود مودی حکومت انہیں اس لیے پُر نہیں کر رہی ہے کہ کہیں پسماندہ طبقات کے لوگوں کو موقع نہ مل جائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس دنیا بھر کا سفر کرنے کا وقت ہے لیکن جب ملک میں پارلیمنٹ کا اجلاس ہوتا ہے تو ان کے پاس پارلیمنٹ میں آنے کا وقت نہیں ہوتا۔ پارلیمنٹ میں سوالات کرنے والے اپوزیشن پارٹیوں کے 146 لیڈران کو معطل کر کے قانون پاس کرنا جمہوریت کا مذاق اڑانا ہے۔ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں مہاراشٹر اور ملک کی عوام جمہوریت کا مذاق اڑانے والی مودی حکومت اور بی جے پی کو ضرور سبق سکھائیں گی۔‘‘ یہ باتیں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے ناگپور کے ’بھارت جوڑو میدان‘ میں کانگریس کے 139ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہیں۔

Published: undefined

کھڑگے نے کہا کہ آئین نے خواتین، غریب اور پسماندہ طبقات کو مساوی حقوق دیے ہیں، لیکن بی جے پی حکومت عملی طور پر انہیں دینے سے انکار کرتی ہے۔ کانگریس پارٹی پھلے، شاہو، امبیڈکر کے نظریے کو مانتی ہے جبکہ مودی آر ایس ایس کے نظریے کی پیروی کرتے ہیں۔ مودی حکومت نے ملک پر 200 لاکھ کروڑ روپے کا قرض لاد دیا ہے، لیکن فلاحی اسکیموں کے فنڈز میں کٹوتی کی جا رہی ہے۔ پسماندہ طبقات کے طلبہ کو کوئی اسکالرشپ نہیں دی گئی ہے۔ مودی حکومت میں دلتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر بی جے پی کو نہیں روکا گیا تو یہ ملک برباد ہو جائے گا، آئین کو تباہ کر دیا جائے گا۔

Published: undefined

اس موقع پر کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ جب سے مرکز میں نریندر مودی کی حکومت آئی ہے، میڈیا، الیکشن کمیشن اور عدالتیں بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ پائی ہیں۔ ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن مودی نے 10 سال میں کتنے لوگوں کو روزگار دیا؟ آج ملک میں بے روزگاری کی شرح 40 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ لاکھوں نوجوان ملازمتیں نہ ہونے کی وجہ سے اپنی صلاحیتیں ضائع کر رہے ہیں۔ ایک سروے کے مطابق ملک کے نوجوان روزانہ اوسطاً 7 گھنٹے موبائل فون پر اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔ کسان اور نوجوان مشکل میں ہیں۔ دوسری طرف ملک کی تمام تر دولت دو چار صنعت کاروں کے حوالے کی جا رہی ہے۔ او بی سی، دلت اور پسماندہ طبقات کو اقتدار اور انتظامیہ میں بہت کم حصہ مل رہا ہے۔ ان طبقات کو تمام شعبوں میں بہت کم اہمیت دی جاتی ہے۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کی طرف سے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے اپنا بیانیہ بدل لیا ہے اور کہہ رہے ہیں کہ ملک میں صرف غریب ہی واحد ذات ہے۔ ہمیں ملک کے تمام سماجی طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ہے، یہی کانگریس کا نظریہ ہے۔ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گی۔ ملک کے نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہے، جو مودی حکومت نہیں دے سکتی، وہ کانگریس پارٹی دے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ریاستی عوام کی مدد سے ہم مہاراشٹر اور ملک میں تبدیلی لائیں گے۔

Published: undefined

اس موقع پر ریاستی کانگریس صدر نانا پٹولے نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ آج ہم چھترپتی شیواجی مہاراج، راجرشی شاہو مہاراج، مہاتما پھلے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات کی سرزمین ناگپور میں کانگریس کا یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ مہاتما گاندھی نے ناگپور سے انگریزوں کی آمریت کے خلاف تحریک شروع کی تھی جس میں پورا ملک شامل ہوگیا تھا۔ اس تحریک نے برطانوی آمرانہ راج کے 150 سالہ دور کو ختم کر دیا۔ اندرا گاندھی کے قومی صدر عہدہ پر فائز ہونے کا راستہ ناگپور کی اسی سرزمین سے ہموار ہوا تھا۔ اب ہندوستان کے وسطی حصے میں ہونے والی یہ ریلی ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کا پیغام ملک کے کونے تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرے گی۔

Published: undefined

نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی کی ظالم و جابر حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ضروری ہے۔ مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں کو انصاف دلانا ہے، جمہوریت اور آئین کو بچانا ہے، یہی پیغام اس اجلاس میں دیا گیا۔ اندرا گاندھی نے ملک میں سبز انقلاب، سفید انقلاب لایا اور ملک کو ترقی دی۔ اس وقت اندرا گاندھی نے ناگپور میں ایک میٹنگ کی اور ودربھ کے لوگوں نے لوک سبھا کی 11 میں سے 11 سیٹوں پر کانگریس کے امیدواروں کو کامیاب کرایا۔ جس کے بعد وہ ملک کی وزیر اعظم بنیں۔ آج اندرا گاندھی کے پوتے راہل گاندھی محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ پٹولے نے ودربھ اور مہاراشٹر کے لوگوں سے اگلے لوک سبھا انتخابات میں راہل گاندھی کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔

Published: undefined

تقریب سے سابق وزیر اعلی اشوک چوہان نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے آزادی سے لے کر آج تک قربانیاں دی ہیں۔ اس قربانی کو رائیگاں نہ جانے دیں۔ اگرچہ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو متوقع نتائج نہیں حاصل ہوئے لیکن عوامی حمایت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بڑے بحرانوں سے دو چار ہے۔ بی جے پی حکومت مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں کے مسائل، خواتین پر ظلم کی بات ہی نہیں کرتی ہے کیونکہ اس کے نزدیک یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔ عوامی مسائل کو ایک طرف رکھ کر مذہبی جنونیت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

اشوک چوہان نے مزید کہا کہ آج تک بہت سے لوگوں نے کانگریس کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن اس طرح کی کوشش کرنے والے ختم ہو گئے اور کانگریس اپنی آب و تاب کے ساتھ آج بھی سرگرم عمل ہے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کرانا اور 50 فیصد ریزرویشن کی حد کو ہٹانا کانگریس کا موقف ہے، لیکن بی جے پی حکومت ایسا نہیں کر رہی۔ ملک میں جمہوریت اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے دیے ہوئے آئین کے تحفظ کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ملک اور ریاست کو ایک مضبوط اور مستحکم حکومت دینے کے لیے ’انڈیا‘ اتحاد کو کامیاب بنانے پر بھی زور دیا۔

Published: undefined

اس جلسہ عام میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال، مکل واسنک، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سکھو، ریاستی انچارج رمیش چنیتھلا، مہاراشٹر کانگریس صدر نانا پٹولے، لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھوراٹ، اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ اورسی ڈبلیو سی رکن اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، سشیل کمار شندے، قانون ساز کونسل کے گروپ لیڈر ستیج بنٹی پاٹل، گوا، دیو اور دمن کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، یشومتی ٹھاکر، امیت دیش مکھ، ورشا گائیکواڑ، ڈاکٹر وشوجیت کدم، سابق ایم پی ملند دیورا، ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، بسوراج پاٹل، کنال پاٹل، پرنیتی شندے، مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، ریاستی اقلیتی شعبہ کے صدر وجاہت مرزا، ناگپور سٹی کے صدر اور ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے، ناگپور دیہی صدر راجندر ملک، چیف ترجمان اتل لونڈھے، ایم ایل اے ابھیجیت ونجاری، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے، دیوآنند پوار، کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، ریاستی صدور، اپوزیشن لیڈران، سینئر لیڈران و دیگر عہدیداران موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت مکل واسنک نے کی جبکہ بالاصاحب تھوراٹ نے شکریہ ادا کیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined