رام نومی کا جلوس جو ایک مدت سے نالندہ ضلع کے بہار شریف میں نکالا جاتا رہا ہے اور کبھی وہاں کوئی فرقہ وارانہ تشدد یا دیگر کوئی پر تشدد واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن اس سال 31 مارچ یعنی جمعہ کے روز اس جلوس میں جو دیکھنے کو ملا اس نے سب کو اندر سے جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔
Published: undefined
تصویر بشکریہ میر فیصل
31 مارچ کو رام نومی کی شوبھا یاترا کے دوران ہجوم نے شوبھا یاترا کے راستے میں واقع مدرسہ عزیزیہ کو آگ لگا دی اور وہاں موجود لائبریری میں کتابوں کو نذر آتش کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ بہار کے نالندہ ضلع کے بہار شریف میں سب سے قدیم مدرسہ اور لائبریری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس مدرسے میں رمضان کی وجہ سے تعطیل تھی جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔
Published: undefined
مدرسہ عزیزیہ کو بی بی صغریٰ نے اپنے شوہر عبدالعزیز کی یاد میں قائم کیا تھا اور بہار کی تاریخ میں ان کا شمار سب سے زیادہ معزز انسان دوست شخصیات میں ہوتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس 110 سال پرانی لائبریری میں تقریباً 1,000 افراد کے مسلح ہجوم نے توڑ پھوڑ کی اور بھگوا ہجوم نے مسجد و لائبریری میں پٹرول بم پھینکے۔
Published: undefined
تصویر بشکریہ میر فیصل
مختلف اخباروں کے دیے گئے اپنے بیانات میں مدرسہ اور لائبریری کے نگراں محمد شہاب الدین نے کہا کہ مدرسے میں 4500 سے زائد کتابیں تھیں جو آگ میں جل کر تباہ ہو گئیں اور ان میں سے کوئی بھی باقی نہیں بچی۔ بی بی سی ہندی کو انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی یہاں سے رام نومی کی شوبھا یاترا گزری اور ماحول پر سکون رہا، لیکن کہا یہ جا رہا ہے کہ آگے اکھاڑے کے پاس کوئی سڑک حادثہ ہوا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں سے جو ہجوم آیا اس نے مدرسہ میں توڑ پھوڑ کی اور لائبریری کو آگ لگا دی۔ اس لائبریری میں انتہائی نایاب کتابیں تھیں۔
Published: undefined
انگریزی روزنامہ ’دی ہندو‘ کی خبر کے مطابق مدرسہ کے ایک گارڈ موہن بہادر نے کہا کہ ’’مسلح افراد ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔‘‘ اس نے یہ بھی بتایا کہ ہجوم نے اس پر حملہ کیا، لیکن وہ بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔ ساتھ ہی موہن بہادر نے یہ بھی جانکاری دی کہ مسلح افراد اس کے کمرے سے 3500 روپے لے گئے۔ واضح رہے کہ پولیس پر یہ الزام ہے کہ یہ حملہ دوپہر میں ہوا تھا لیکن رات گیارہ بجے تک پولیس موقع پر نہیں پہنچی۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اگلے دن یعنی ہفتہ کو شر پسندوں نے ایک مرتبہ پھر اس مسجد، مدرسے اور لائبریری پر حملہ کیا۔
Published: undefined
تصویر بشکریہ میر فیصل
واضح رہے کہ بہار شریف کے ایک اسٹیڈیم میں رام نومی کے موقع پر تمام جھانکیاں جمع کی جاتی ہیں اور پھر وہاں سے طے شدہ راستے سے یہ یاترا اکھاڑے پر جاتی ہے اور ایک مدت سے یہ یاترا ایسے ہی گزرتی رہی ہے اور یہاں کبھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ کچھ لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ 1981 کے بعد اس طرح کا تشدد نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ 1981 کے فرقہ وارانہ تشدد میں 45 افراد کی جان گئی تھی۔
Published: undefined
ماہ رمضان میں جمعہ کا دن ہونے کے باوجود رام نومی کی شوبھا یاترا بہت پر امن طریقے سے وہاں سے گزر گئی تھی لیکن بعد میں یہ سب کچھ ہوا۔ اس کے پیچھے سیاست بھی ہو رہی ہے۔ جہاں بی جے پی بہار کی حکومت کو اس کے لئے ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے وہیں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی جب بھی خود کو کمزور محسوس کرتی ہے تو وہ فرقہ وارانہ سیاست کا سہارا لیتی ہے۔ انھوں نے رام نومی کے موقع پر ہونے والے ان فرقہ وارانہ تشدد کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ اگر یہی حالات رہے تو اگلے سال بھی رمضان کے مہینے میں ہی رام نومی کی شوبھا یاترا نکلے گی اور اگلے سال عام انتخابات بھی ہیں۔ اس لئے مرکز اور ریاستی حکومت کو انتہائی چست رہنے کی ضرورت ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined