قومی خبریں

مدھیہ پردیش: بی جے پی کے وزیر برائے جنگلات رام نواس کانگریس امیدوار سے ہارے، ای وی ایم پر اٹھائی انگلی

بی جے پی امیدوار رام نواس راوت نے ای وی ایم پر سوال اٹھایا ہے، انھوں نے ووٹوں کی گنتی از سر نو کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور انھوں نے کہا کہ وہ اس کے لیے درخواست دینے جا رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>رام نواس راوت، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

رام نواس راوت، تصویر سوشل میڈیا

 

مدھیہ پردیش میں 2 اسمبلی سیٹوں بدھنی اور وجئے پور پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے اور آج ووٹوں کی گنتی ہوئی۔ وجئے پور کا جو نتیجہ سامنے آیا ہے اس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر جنگلات اور بی جے پی امیدوار رام نواس راوت کو کانگریس امیدوار نے 7 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے دی ہے۔ چونکہ ضمنی انتخاب میں برسراقتدار طبقہ کے امیدوار کی فتح آسان ہوتی ہے، اس لیے رام نواس راوت سوچ رہے تھے کہ انھیں بہ آسانی جیت ملے گی۔ لیکن معاملہ الٹا پڑ گیا۔ اب راوت نے ای وی ایم پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ انھوں نے ووٹوں کے از سر نو گنتی کا مطالبہ کیا ہے اور اس کے لیے وہ الیکشن کمیشن کو درخواست بھی دینے والے ہیں۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ جب مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخاب ہوا تھا تو اس سیٹ پر رام نواس راوت نے کانگریس کے ٹکٹ پر جیت درج کی تھی۔ بعد میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس طرح وجئے پور اسمبلی سیٹ خالی ہو گئی تھی۔ پھر جب اس سیٹ پر ضمنی انتخاب کا اعلان ہوا تو بی جے پی نے رام نواس کو اپنا امیدوار بنایا۔ کانگریس نے اس سیٹ سے مکیش ملہوترا کو انتخابی میدان میں اتارا۔ اس سیٹ پر 13 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور آج جب 21 راؤنڈ کی گنتی ختم ہوئی تو مکیش ملہوترا نے 7 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت حاصل کی۔

Published: undefined

رام نواس راوت کے لیے یہ شکست ایک بڑا جھٹکا ہے۔ ان کا شمار مدھیہ پردیش کے بڑے لیڈران میں ہوتا ہے۔ وہ 6 مرتبہ اسمبلی کے رکن رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخاب سے عین قبل کانگریس سے ان کی ناراضگی سامنے آئی تھی۔ مرینا-شیوپور لوک سبھا سیٹ سے ستیہ پال سنگھ سکروار کو امیدوار بنائے جانے کے سبب وہ ناراض ہو گئے تھے۔ اس ناراضگی میں انھوں نے کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ آج وجئے پور سیٹ پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جب شروع ہوئی تو 15ویں راؤنڈ تک رام نواس آگے چل رہے تھے، لیکن اس کے بعد مکیش ملہوترا نے جو برتری حاصل کی تو پھر آخر تک وہ آگے رہے۔

Published: undefined