اتر پردیش کے علی گڑھ سے انتخاب جیتنے کے بعد ستیش کمار گوتم نے اپنی زہر افشانی شروع کر دی ہے۔ انھوں نے اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’میری پہلی ترجیح علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے جناح کی تصویر کو باہر نکال کر پاکستان بھیجنا ہے۔‘‘
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شاندار جیت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی۔مسٹر مودی نے اس ملاقات کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے ’’محترم اڈوانی جی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی ۔آج بی جے پی کی یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے کیونکہ ان (مسٹر اڈوانی) جیسے عظیم لوگوں نے پارٹی کو بنانے اور لوگوں کے سامنے نئی سوچ پیش کرنے کے لئے دہائیوں محنت کی ہے‘‘۔ واضح رہے کہ دونوں لیڈروں میں نظریاتی اختلافات رہے ہیں۔ کبھی پارٹی کے سب سے زیادہ طاقتور لیڈروں میں سے ایک رہے مسٹر اڈوانی نے اس مرتبہ لوک سبھا کا انتخاب نہیں لڑا اور سرگرم سیاست کو اب تقریبا خیر باد کہہ چکے ہیں۔
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال میں پہلی مرتبہ 40.25 فیصد ووٹ لے کر 18 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے، جبکہ ریاست میں حکمراں ترنمول کانگریس 43.28 فیصد ووٹ حاصل کرکے 22 سیٹوں پر قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ بی جے پی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں اس مرتبہ نہ صرف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ وہ اہم اپوزیشن پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آنے میں کامیاب رہی ہے۔ بی جے پی نے سنہ 2014 کے عام انتخابات میں 17.02 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے، لیکن وہ صرف دو لوک سبھا حلقوں میں ہی کامیابی حاصل کر سکی تھی۔ اس انتخاب میں ترنمول کانگریس کو 39.79 فیصد ووٹ ملا تھا، لیکن اسے 34 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ہندوستان کے انتخابات کی خبر کا عنوان ’راشٹرواد کی اپیل کے ساتھ ہندوستان کے مودی نے جیتا الیکشن‘ دیا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے ’’ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی نے دنیا کے سب سے بڑے انتخاب میں زبردست کامیابی حاصل کی۔ ووٹروں نے مودی کی طاقتور اور فخر کرنے والی ہندو شبیہ پر مہر لگا دیا۔‘‘
اخبار نے آگے لکھا ہے کہ مودی کی کمایابی اس مذہبی راشٹرواد کی جیت ہے جس میں ہندوستان کو اب جمہوریت کی راہ سے الگ ہندو راشٹر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اخبار نے بتایا ہے کہ ہندوستان میں 80 فیصد آبادی ہندو ہے، لیکن یہاں مسلم، عیسائی، سکھ اور بودھ و دیگر مذاہب کے لوگ بھی رہتے ہیں۔
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
اڈیشہ کے پُری سے بی جے پی امیدوار سمبت پاترا کو شکست ملی ہے۔ انھیں بی جے ڈی کے پناکی مشرا نے تقریباً 11 ہزار ووٹوں سے ہرایا۔ عام انتخاب میں بی جے پی کی بہترین کارکردگی کے درمیان سمبت پاترا کی شکست پارٹی کے لیے ایک زبردست جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
لوک سبھا انتخاب کے نتائج ابھی پوری طرح برآمد نہیں ہوئے ہیں۔ کئی سیٹوں پر ووٹ شماری جاری ہے۔ اب تک جو نتائج آئے ہیں اس کے مطابق بی جے پی 294 سیٹوں پر فتح حاصل کر چکی ہے اور کانگریس نے 52 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ جن سیٹوں پر اب بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے ان میں سے 9 پر بی جے پی آگے ہے اور ان میں سے کچھ پر کانگریس دوسرے مقام پر ہے۔
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 May 2019, 9:10 AM IST
تصویر: پریس ریلیز