قومی خبریں

لوک سبھا انتخاب 2024: سخت گرمی کے باوجود کلدیپ کمار کی ریلی میں دکھائی دے رہا ہے لوگوں کا جم غفیر

مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے انڈیا اتحاد کے امیدوار کلدپ کمار نے انتخابی مہم کے دوران کہا کہ عوام کا دیا ہوا بھروسہ بتاتا ہے کہ وہ اس مرتبہ انڈیا اتحاد کی حکومت بنائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>کلدیپ کمار روڈ شو کرتے ہوئے</p></div>

کلدیپ کمار روڈ شو کرتے ہوئے

 

تصویر: بشکریہ محمد تسلیم

نئی دہلی: مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے انڈیا اتحاد اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار کلدیپ کمار کو ہر خاص و عام کی محبت مل رہی ہے۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ کلدیپ کمار ایک زمینی لیڈر ہیں اور لوگوں بیچ رہ کر لوگوں کے مسائل سنتے ہیں اور ان کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کلدیپ کمار کے سیاسی سفر کی بات کی جائے تو انہوں نے عام آدمی پارٹی میں ایک کارکن کی حیثیت سے کام کیا اور ان کے کام کی بنیاد پر سال 2017 کے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخاب میں عآپ نے کلیان پوری وارڈ سے انہیں ٹکٹ دے کر میدان میں اتارا تھا۔ تاہم کلدیپ کمار ایم سی ڈی کا الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے اور محض 27 سال کی عمر میں سب سے کم عمر والے کونسلر منتخب ہوئے تھے۔ ان کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے 2020 کے دہلی اسمبلی انتخابات میں کلدیپ کمار کو کونڈلی (ایسٹ) کی مخصوص نشست سے ٹکٹ دیا اور انھوں نے بی جے پی کے راج کمار کو تقریباً 18 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔

Published: undefined

لوک سبھا انتخابات 2024 میں انڈیا اتحاد کے معاہدے کے تحت اس بار کلدیپ کمار عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ سے مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ سے میدان میں ہیں اور ان کا مقابلہ بی جے پی امیدوار ہرش ملہوترا سے ہے۔ نمائندہ نے مشرقی دہلی کے لوگوں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ کلدیپ کمار لگاتار دو بار سے الیکشن کی بازی جیتتے آ رہے ہیں اور اس مرتبہ مشرقی دہلی کے عوام ان کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر پارلیمنٹ میں بھیجنے کا کام کریں گے۔ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2019 اور 2024 کے الیکشن میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ وہ اس لیے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، جنہوں نے عوام کے لیے ہر کام وقت سے پورے کیے اور مستقبل میں وہ مزید کام کرنے جا رہے ہیں، لیکن بی جے پی کو یہ سب کچھ ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ وہ کبھی ای ڈی، کبھی اپنی بے تکی بیان بازی سے کیجریوال کی شبیہ خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ عوام اس بار ان کے جھانسے میں نہیں آنے والے۔

Published: undefined

کلدیپ کمار لگاتار عوام کے درمیان ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ اپنی انتخابی ریلیاں کر رہے ہیں۔ آج انہوں نے گاندھی نگر، شاستری پارک کے علاقوں میں بڑی ریلی نکالی جس میں کثیر تعداد میں انڈیا اتحاد کے کارکنان سمیت عام لوگ بھی نظر آ رہے تھے۔ کارکنان نے پارٹی کے جھنڈے اور ٹی شرٹ وغیرہ پہنی ہوئی تھی۔ دہلی میں شدید گرمی کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کا سڑکوں پر نکلنا اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ لوگ بی جے پی سے سخت نالاں ہیں اور اب وہ بی جے پی کو الوداع کہنا چاہتے ہیں۔

Published: undefined

اس درمیان کلدیپ کمار نے اپنی مختصر گفتگو میں نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے اب تک عوام سے جتنے بھی وعدے کیے ہیں ان کو وقت پر پورا کیا ہے۔ وزیر اعلی کیجریوال نے دہلی کی عوام کو مفت بجلی، پانی، بہتر نظامِ صحت وغیرہ دیا ہے۔ اسی لیے بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کی حکومت کو گرانے کے لیے سازش رچی اور وزیر اعلی کیجروال کو جیل میں ڈالا تاکہ دہلی کی عوام کو جو سہولتیں مل رہی ہیں وہ بند ہو جائیں۔ لیکن دہلی کی عوام سمجھدار ہیں، وہ بی جے پی کی تمام حرکتوں کو سمجھ چکے ہیں، لہٰذا وہ جیل کا جواب ووٹ سے دیں گے۔ اپنی بات کو دہراتے ہوئے کلدیپ کمار نے کہا کہ وزیر اعلی کیجریوال نے عوام سے کیے اپنے تمام وعدے وقت پر پورے کئے ہیں اور عام آدمی پارٹی کے ترقیاتی کام ہی اس کی طاقت ہیں۔ علاوہ ازیں لوک سبھا چناؤ میں کی گئی سبھی دس گارنیٹوں کو بھی پورا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عوام کا دیا ہوا بھروسہ ہے جو بتاتا ہے کہ وہ اس مرتبہ انڈیا اتحاد کو مضبوط کریں گے اور انڈیاا تحاد کی حکومت بنائیں گے۔

Published: undefined

اپنی انتخابی مہم کے تحت کلدیپ کمار نے آج مہاویر سوامی پارک سے لے کر گاندھی نگر، شاستری پارک کے علاقوں میں روڈ شو کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ شاستری پارک وارڈ 213 سے کونسلر و کانگریس لیڈر حاجی سمیر منصوری بھی موجود تھے۔ انہوں نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی دہلی میں کلدیپ کمار کو ہر طبقہ کی حمایت مل رہی ہے اور انڈیا اتحاد کا نام لوگوں کی زبان پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاندھی نگر ایک کاروباری علاقہ ہے۔ یہاں کے دکاندار بی جے پی کی پالیسی سے سخت پریشان ہیں۔ آج گاندھی نگر مارکیٹ میں ویسا کام نہیں ہے جیسا کانگریس کے دور حکومت میں ہوا کرتا تھا۔ تاہم بڑھتے ہوئے تعصب و نفرت نے لوگوں کے درمیان جو لکیر کھینچی ہے اس سے ہر شخص پریشان ہے، اس لیے لوگوں نے انڈیا اتحاد اور ترقی کرنے والے امیدواروں کو کامیاب بنانے کا من بنا لیا ہے۔

Published: undefined

کانگریس کونسلر حاجی سمیر منصوری کا کہنا ہے کہ شاستری پارک وارڈ کے عوام اس مرتبہ کلدیپ کمار کو اپنا ووٹ دیں گے اور انہیں کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تاہم اس کے لیے جگہ جگہ میٹنگیں کی جا رہی ہیں اور لوگوں کو انڈیا اتحاد کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ میں 10 اسمبلی حلقہ آتے ہیں۔ ان میں سے سب سے بڑی اوکھلا اسمبلی ہے اور یہاں سے بھی کلدیپ کمار کے حوالے سے مثبت باتیں نکل کر سامنے آ رہی ہیں۔ اوکھلا کے رہائشی خطیب تہامی نے نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی دہلی سے سال 2019 میں بی جے پی نے مشہور کرکٹر گوتم گمبھیر کو میدان میں اتارا تھا اور وہ کامیاب بھی ہوئے، لیکن ایک بڑا چہرہ ہونے کی وجہ سے وہ عام لوگوں سے کم ہی ملتے تھے۔ اپنی مصروفیت کی وجہ سے وہ اپنے حلقہ میں کام بھی نہیں کر پائے۔ خطیب نے کہا کہ اوکھلا کا علاقہ ایک کثیر آبادی والا علاقہ ہے۔ یہاں پچھلے 10 سالوں میں نہ تو بی جے پی کے ایم پی نے اپنی شکل دکھائی اور نہ ہی کام کیا۔ اس علاقے میں نہ کوئی نئی یونیورسٹی بنائی گئی اور نہ ہی کوئی میڈیکل کالج بنایا گیا۔ اسی لیے اوکھلا کے عوام اس مرتبہ زمین سے جڑے امیدوار کو ہی اپنا ووٹ دیں گے اور انڈیا اتحاد کو کامیاب بناتے ہوئے کلدیپ کمار کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنائیں گے۔

Published: undefined

ریلی میں موجود رمیش اور حسیب الحسن نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ آج بے روزگاری اتنی بڑھ گئی ہے کہ گھروں میں لڑکیاں نہیں بلکہ پڑھے لکھے تعلیم یافتہ لڑکے بھی ماں باپ پر بوجھ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی تو لوگوں کے مسائل سنے جائیں گے، نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا، جملے بازی اور جھوٹ کا بازار ختم ہوگا، بڑھتی ہوئی نفرت کا خاتمہ ہوگا اور خوشحال ماحول پیدا ہوگا۔ اسی لیے ہم خود بھی انڈیا اتحاد کو ووٹ دینے کی بات کر رہے ہیں اور لوگوں کو بھی بیدار کر رہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined