قومی خبریں

عام انتخابات LIVE: تشہیر کے دوران کیجروال کو پھر مارا گیا تھپڑ، دیکھیں ویڈیو

مرکزی وزیر مہیش شرما کو انتخابی کمیشن نے وجہ بتاؤ نوٹس بھیجا ہے اور کہا ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر اس کا جواب دیں کہ انھوں نے راہل گاندھی سے متعلق متنازعہ بیان کیوں دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

انتخابی تشہیر کے دوران ایک شخص نے کیجروال کو تھپڑ مارا، دیکھیں ویڈیو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو انتخابی تشہیر کے دوران ایک شخص نے تھپڑ جڑ دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کیجریوال جس وقت روڈ شو کر رہے تھے اسی دوران ایک شخص لوگوں کے درمیان میں سے آگے بڑھا اور کھلی گاڑھی پر چڑھ کر انہیں گالی بکتے ہوئے تھپڑ مار دیا۔ کیجریوال مغربی دہلی میں عام آدمی پارٹی (آپ) کے امیدوار بلبیر سنگھ جاکھڑ کے حق میں کھلی گاڑی پر سوارہوکر روڈ شو کررہے تھے۔

اس کے فورا بعد پارٹی کارکنوں نے حملہ کرنے والے نوجوان کو پکڑ لیا اور بعد میں اسے پولس کے حوالے کردیا۔ تھپڑ مارنے والے شخص کی تا حال شناخت نہیں ہو پائی ہے۔

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

بی جے پی والے امیٹھی میں ووٹ کے لیے رشوت تقسیم کر رہے ہیں: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری اور مشرقی اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے روز بی جے پی پر ایک بڑا الزام عائد کیا۔ انھوں نے بی جے پی پر امیٹھی میں گرام پردھانوں کو 20-20 ہزار روپے رشوت دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھگوا پارٹی کو غلط فہمی ہے کہ پشتوں سے چلی آ رہی محبت اور سچی سیاست کی مثال کو اتنی رقم میں خریدا جا سکتا ہے۔‘‘ پرینکا نے نکڑ سبھا میں یہ بھی کہا کہ ’’یہاں غلط طریقے سے انتخابی تشہیر ہو رہی ہے۔ پیسہ تقسیم کیا جا رہا ہے۔ کانگریس تو عوام کے درمیان اپنا منشور تقسیم کر رہی ہے لیکن بی جے پی والے گرام پردھانوں کو 20-20 ہزار روپے بھیج رہے ہیں۔‘‘

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

سب کو ملے گا ’نیائے‘، خوابوں کو ملے گی پرواز: پرینکا گاندھی

امیٹھی کے سوراؤں میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس کی حکومت آنے کے بعد کوئی نوجوان اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہو تو وہ بغیر اجازت کے تین سالوں تک اپنا کاروبار کھول سکتا ہے۔ انھوں نے مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ملے گا سب کو نیائے، سپنے بھریں گے اڑان - کانگریس حکومت میں پورے ہوں گے اب ارمان‘‘۔

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

بی جے پی امیدوار کِرن کھیر پر بھی چلا الیکشن کمیشن کا ڈنڈا، بھیجا ’وجہ بتاؤ نوٹس‘

چنڈی گڑھ سے بی جے پی امیدوار کرن کھیر کے ذریعہ بچوں سے انتخابی تشہیر کرائے جانے کے الزام پر انتخابی کمیشن نے نوٹس جاری کیا ہے۔ انتخابی کمیشن نے انھیں ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ بھیج کر 24 گھنٹے میں جواب مانگا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے افسر اور میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر انل گرگ نے یہ نوٹس جاری کیا ہے۔

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

مجھے غنڈہ کہنے والی مایاوتی خود ’غنڈی‘ ہیں: برج بھوشن شرن

اتر پردیش کے قیصر گنج پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی امیدوار نے مایاوتی کو ’غنڈی‘ قرار دیا ہے۔ دراصل بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے گونڈا کی ایک ریلی میں برج بھوشن کو ’غنڈہ‘ بتایا تھا، اسی پر اپنا رد عمل پیش کرتے ہوئے بی جے پی امیدوار نے کہا کہ ’’میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ (مایاوتی) اتر پردیش کی ’غنڈی‘ ہیں، انھوں نے مجھے الیکشن کے بعد جیل میں ڈالنے کی دھمکی دی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سچ تو یہ ہے کہ جسے جیل جانا ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود (مایاوتی) ہیں۔‘‘

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

ہمارا تجزیہ بتا رہا ہے کہ مودی حکومت کو ہم آسانی سے ہرا رہے ہیں: راہل گاندھی

کانگریس صڈر راہل گاندھی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ان کا پہلا ہدف مودی حکومت کو شکست دینا ہے اور جو زمینی رپورٹ ان تک پہنچ رہی ہے اس کے مطابق بی جے پی کی شکست یقینی نظر آ رہی ہے۔ مودی حکومت کی شکست کے بعد مہاگٹھ بندھن کی جانب سے پی ایم امیدوار کون ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میرا پہلا ہدف الیکشن جیتنا ہے۔ میں اپنی پوری طاقت اسی میں لگا رہا ہوں۔ اب ہندوستان کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وزیر اعظم کون ہوگا۔ یہ فیصلہ کرنا میرا کام نہیں ہے۔ میں عوام کے فیصلے کو قبول کروں گا۔‘‘

راہل گاندھی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’ہمارا پہلا ہدف بی جے پی کو، نریندر مودی جی کو ہرانے کا ہے۔ ہندوستان کے جو ادارے ہیں اس کو بچانے کا ہے۔‘‘ اپوزیشن اتحاد کے تعلق سے انھوں نے بتایا کہ ’’ہم نے ہماری پوزیشن صاف کر دی ہے۔ انتخاب سے پہلے ہم ان چیزوں کی بات نہیں کرنے جا رہے ہیں کہ کس پارٹی کے ساتھ کس طرح سے بات کرنی ہے۔ یہ باتیں اب انتخاب کے بعد ہوں گی کیونکہ اس سے پہلے یہ چیزیں ڈسٹریکٹ کرتی ہیں۔‘‘

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

مرکزی وزیر مہیش شرما کو الیکشن کمیشن نے بھیجا نوٹس

انتخابی کمیشن نے کانگریس صدر راہل گاندھی سے متعلق متنازعہ بیان دینے والے مرکزی وزیر مہیش شرما کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ انتخابی کمیشن نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو جواب دینے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دیا ہے۔ یہ نوٹس مہیش شرما کو 3 مئی کو بھیجا گیا تھا، گویا کہ آج انھیں اپنا جواب انتخابی کمیشن کو سونپا ہے۔

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 May 2019, 10:10 AM IST