کانگریس نے اترپردیش کی مشہور لوک سبھا سیٹ رامپور سے سنجے کپور کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی کے انچارج مکل واسنک نے آج یہاں ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ سنجے کپور اترپردیش میں کئی بار ممبر اسمبلی رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ کانگریس نے گجرات کی دو لوک سبھا سیٹوں پر بھی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی نے گجرات کی نوساري لوک سبھا سیٹ سے دھرمیش بھائي پٹیل اور کچھ لوک سبھا سیٹ سے نریش ایم مہیشوري کو ٹکٹ دیا ہے۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
اتر پردیش کی رام پور لوک سبھا سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے آر ایل ڈی چھوڑ کر آج ہی بھگوا پارٹی میں شامل ہونے والی فلم اداکارہ جیا پردہ کو ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ سماجوادی پارٹی - بہوجن سماج پارٹی اتحاد نے اعظم خان کو رامپور سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
گوتم بدھ نگر لوک سبھا سیٹ پر عام آدمی پارٹی کی امیدوار شویتا شرما کا پرچہ نامزدگی منسوخ ہو گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی طرف سے اسپانسروں کی تعداد کم تھی۔ گوتم بدھ نگر لوک سبھا چناؤ کے لئے فائل کئے گئے 21 پرچہ نامزدگیوں میں سے کل 8 منسوخ کر دئے گئے ہیں، اب کل 13 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
حیدرآباد: الیکشن کمیشن نے غیر محسوب نقدرقم ،نشیلی ادویات، سونا، اور دیگر اشیاء جس کی لاگت 540کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت ضبط کی ہے۔
اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ 107کروڑروپئے تمل ناڈو سے 104کروڑروپئے اترپردیش سے ، 103کروڑ سے زائد آندھراپردیش اور 143کروڑروپئے ملک کے دیگر مقامات سے ضبط کئے گئے جبکہ 142کروڑروپئے کی لاگت کے ڈرگس، سونا، شراب، ودیگر اشیا ضبط کی گئیں۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
اڈیشہ میں حال ہی میں بی جے پی کے ریاستی نائب صدر بنائے گئے سبھاش چوہان نے پارٹی سے استعفیٰ دے کر بی جے پی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ سبھاش چوہان بارگڑھ پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے ناراض تھے۔ وہ 2014 کے عام انتخابات میں بارگڑھ لوک سبھا سیٹ سے امیدوار تھے اور اس بار بھی وہ اس سیٹ سے ٹکٹ چاہتے تھے۔ لیکن بی جے پی نے ایسا نہیں کیا جس کے سبب ناراضگی میں سبھاش چوہان نے پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
لکھنؤ: وشو ہندو پریشد کے سابق صدر پروین توگڑیا نے نے منگل کو عام انتخابات کے لئے اترپردیش کی 16 سیٹوں پر اپنی نئی تشکیل شدہ پارٹی ’’ہندوستان نرمان دل‘‘ کے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ توگڑیا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہندوستان نرمان دل کے امیدوار چندولی، علی گڑھ، کیرانہ، فیروزآباد، بریلی، لکھیم پور کھیری، اناو، جھانسی، ہمیر پور، باندہ، پرتاپ گڑھ، بستی، لال گنج، جونپور، بھدوہی اور سلیم پور پارلیمانی حلقے سے انتخابی میدان میں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ان کی پارٹی گجرات کے 9، آسام کے 7 اور اڈیشہ کے 5 پارلیمانی حلقوں سے بھی اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
نوٹ بندی کے معاملے پر دہلی میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس جاری کیا جس میں مودی حکومت پر کئی الزامات عائد کیے گئے۔ پریس کانفرنس میں ایک ویڈیو جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نوٹ بندی کے دوران احمد آباد میں بی جے پی کارکنان نے پرانے نوٹوں کو 40 فیصد کمیشن پر بدلا تھا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ 5 کروڑ کے 500 کے نوٹ آئے اور 3 کروڑ کے 2000 کے نوٹ دے دیے گئے۔ اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ 31 دسمبر کے بعد یہ سب کچھ ہوا جو مودی حکومت کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہے۔ کانگریس لیڈر کپل سبل نے اس موقع پر کہا کہ کچھ چوکیداروں نے ملک کے ساتھ غداری کی ہے اور عام آدمی کی جیب سے پیسہ چھین لیا ہے۔
اس پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر کپل سبل، رندیپ سنگھ سرجے والا، احمد پٹیل، غلام نبی آزاد، ملکارجن کھڑگے، آر جے ڈی لیڈر منوج جھا اور لوک تانترک جنتا دل کے صدر شرد یادو بھی شامل ہوئے۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
جےپور: بی جے پی کے سابق سینئر لیڈر گھنشیام تیواری آج کانگریس میں شامل ہونے والے ہیں۔ اس سلسلے میں خود گھنشیام تیواری نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں نے محسوس کرلیا کہ اکیلے شخص کےلئے یہ لڑائی لڑنا بہت مشکل ہے۔جمہوری تنظیموں کے تحفظ کےلئے کسی بڑی تنظیم کی ضرورت ہے۔ اور کانگریس ہی وہ تنظیم ہے جس کے ساتھ مل کر ایسا کیا جا سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جےپی کی حکومت میں جمہوری اداروں کے وقار میں گراوٹ آئی ہے۔جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی۔اس سے لڑنے کےلئے کانگریس ہی مضبوط تنظیم ہے۔اس لئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس پارٹی میں شمولیت اختیار کروں گا۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے لوک سبھا الیکشن لڑنے سے صاف انکار کردیا۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق 26 مارچ کی شام کو جے پور میں منعقد کانگریس کے ’شکتی پروجیکٹ کارکنان کانفرنس‘ میں قومی صد رراہل گاندھی کے سامنے 11 آزاد اراکین اسمبلی کے بھی کانگریس میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے ’دل بدل قانون‘سے بچنےکےلئے راستہ تلاش کیا گیا ہے۔
(یو این آئی)
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
اتر پردیش میں بی جے پی کو شکست دینے کے مقصد سے تیار ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد میں نشاد پارٹی اور جن وادی پارٹی (سوشلسٹ) بھی شامل ہو گئی ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کے اتحاد میں شامل ہونے کی خبر سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے دی۔ اس سے قبل سماجوادی پارٹی کے دفتر میں ایس پی، بی ایس پی اور آر ایل ڈی کے انتخابی نشان کے ساتھ ساتھ نشاد پارٹی اور جن وادی پارٹی کے انتخابی نشان بھی دیکھے گئے تھے جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان پارٹیوں کا اتحاد ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی کے ساتھ ہو گیا ہے۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
کانگریس نے مہاراشٹر کے لیے اسٹار پرچارک کی لسٹ جاری کر دی ہے۔ ریاست میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے یہ فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس فہرست میں راہل گاندھی، سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور منموہن سنگھ سمیت 40 پرچارکوں کا نام ہے۔ قابل غور یہ ہے کہ اس فہرست میں عمران پرتاپ گڑھی کا نام بھی شامل ہے جو کہ اتر پردیش میں کانگریس کی ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے ہیں۔ انھیں مراد آباد پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
لوک سبھا انتخابات میں تشہیر کے مدنظر بی جے پی نے اتر پردیش کے لیے اسٹار پرچارکوں کی لسٹ جاری کر دی ہے۔ اس لسٹ میں لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ان دو سینئر لیڈروں کو پہلے تو لوک سبھا انتخابات میں ٹکٹ سے محروم کیا گیا اور اب اسٹار پرچارکوں کی لسٹ میں بھی نام شامل نہ کیے جانے سے ان کے شیدائیوں میں حیرانی اور مایوسی دونوں ہونا لازمی ہے۔ اس لسٹ میں پی ایم نریندر مودی، امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری، ارون جیٹلی، سشما سوراج اور اوما بھارتی سمیت 40 نام شامل ہیں۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Mar 2019, 10:09 AM IST
تصویر: پریس ریلیز