قومی خبریں

عام انتخابات: الیکشن کمیشن خواب غفلت سے بیدار، پرگیہ ٹھاکر پر 72 گھنٹوں کی پابندی

سماجوادی پارٹی لیڈر جیہ بچن نے پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’رکھوالے کی ذمہ داری بہت ضروری ہے اور بہت اہم ہے۔ اس ملک میں اس وقت جو ماحول ہے، جو رکھوالا ہے وہی ملک کے ساتھ گڑبڑ کر رہا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

الیکشن کمیشن خواب غفلت سے بیدار، پرگیہ ٹھاکر پر 72 گھنٹوں کی پابندی

الیکشن کمیشن آخر خواب غفلت سے بیدار ہو گیا اور اس نے بھوپال سے بی جے پی کی امیدوار اور دہشت گردی کی ملزمہ پرگیہ ٹھاکر پر 72 گھنٹوں کی پابندی عائد کر دکی ہے۔ پرگیہ ٹھاکر پر اشتعال انگیز بیان بازی کرنے کا الزام ہے۔

پرگیہ ٹھاکر نے کہا تھا کہ بابری مسجد کو شہید کرنے پر اسے فخر ہے۔ الیکشن کمیشن نے پرگیہ کے اس بیان کو مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور پرگیہ کی انتخابی تشہیر پر 72 گھنٹوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

کرناٹک کے حلقہ اسمبلی چنچولی میں 19 مئی کو ووٹنگ

گلبرگی: ریاست کرناٹک کے حلقہ اسمبلی چنچولی میں جہاں ضمنی انتخاب منعقد ہورہاہے‘ 19مئی کو رائے دہی ہوگی۔ کانگریس کے امیدوارسبھاش رادوڈ کی تائیدمیں یہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیرسماجی بہبود پریانک کھرگے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدوار کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار اویناش جادھو کے والد ڈاکٹر اومیش جادھو کانگریس کے رکن اسمبلی تھے جو کانگریس سے بغاوت کرتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہوگئے۔

انہوں نے اویناش جادھو پر اپنے آپ کو بی جے پی کو فروخت کردینے کا الزام عائد کیا۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ حلقہ چنچولی کے عوام کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ جادھو کو سخت جواب دیں جن کے شبب یہ ضمنی انتخاب ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اومیش جادھوکے لیے جمہوریت کامطلب صرف رقم کماناہے۔

ڈاکٹر جادھو گزشتہ انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حلقہ چنچولی سے منتخب ہوئے تھے‘ انہوں نے حلقہ لوک سبھا گلبرگہ کے کانگریس کے طاقتور امیدوارملیکارجن کھرگے سے مقابلہ کے لیے بی جے پی میں شامل ہوگئے اور بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

وارانسی سے تیج بہادر کا پرچہ رَد ہونے کے بعد کیجریوال نے پی ایم مودی کو بنایا نشانہ

وارانسی لوک سبھا سیٹ سے پی ایم مودی کے خلاف تال ٹھونکنے والے سابق بی ایس ایف جوان تیج بہادر کا پرچہ نامزدگی کینسل ہونے کے بعد سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے۔ مختلف سیاسی لیڈروں کے ذریعہ الیکشن کمیشن اور پی ایم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ٹوئٹ اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’تاریخ میں ایسے کم مواقع ہوں گے جب اس ملک کا جوان اپنے وزیر اعظم کو چیلنج پیش کرنے کو مجبور ہو۔ لیکن تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک وزیر اعظم ایک جوان سے اس قدر خوفزدہ ہو جائے کہ اس کا مقابلہ کرنے کی جگہ تکنیکی غلطیاں نکال کر نامزدگی رد کرا دے۔‘‘

اروند کیجریوال نے اس کے ساتھ ہی اپنے ٹوئٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’مودی جی، آپ تو بہت کمزور نکلے۔ ملک کا جوان جیت گیا۔‘‘

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

وارانسی سے مودی کے خلاف کھڑے ایس پی امیدوار تیج بہادر کی نامزدگی رَد، جائیں گے سپریم کورٹ

وارانسی سے سماجوادی پارٹی امیدوار اور پی ایم مودی کو شکست دینے کا دعویٰ کرنے والے تیج بہادر کی پرچہ نامزدگی انتخابی کمیشن نے آج رَد کر دی۔ بی ایس ایف کے سابق جوان کی امیدواری خارج کیے جانے کے بعد سیاسی اتھل پتھل کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بات صاف ہے کہ اب وہ الیکشن میں کھڑے نہیں ہو پائیں گے اور یہ تیج بہادر کے لیے زبردست جھٹکا ہے۔

اپنی نامزدگی خارج کیے جانے کے بعد تیج بہادو نے میڈیا کے سامنے عدالت جانے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’میری نامزدگی غلط طریقے سے رَد کی گئی ہے۔ مجھے کاغذات جمع کرنے کے لیے کل 6.15 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا اور میں نے جمع کر دیا تھا، اس کے باوجود میری نامزدگی کو نامنظور ہو گئی۔ میں انصاف پانے کے لیے سپریم کورٹ جاؤں گا۔‘‘

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

اتر پردیش: بی جے پی امیدوار نے برہمنوں کے خلاف دیا قابل اعتراض بیان، ایف آئی آر درج

اتر پردیش کے بھدوہی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار رمیش بِند کے خلاف 30 اپریل کو مذہبی جذبات مشتعل کرنے اور برہمن سماج کے خلاف کیے گئے قابل اعتراض بیان پر ایف آئی آر درج ہوئی۔ یہ ایف آئی آر برہمن یووجن سبھا کی طرف درج کرائی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو کی بنیاد پر بھدوہی میں یہ مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ دراصل رمیش بند نے اپنی ایک تقریر کے دوران کہا تھا کہ ’’مرزا پور میں برہمن ان سے ڈرتے ہیں اور اگر ایک بِند کی پٹائی ہوتی ہے تو سینکڑوں برہمنوں کو پٹواتا ہوں۔‘‘ وائرل ویڈیو میں رمیش بند برہمنوں کو بندر کہتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں۔

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

برقع پر شیو سینا کا بیان انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے: اسدالدین اویسی

شیوسینا کے ذریعہ ہندوستان میں برقع پر پابندی عائد کیے جانے کے مطالبہ کو اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انھوں نے شیو سینا کے اس بیان کو غرور پر مبنی بھی بتایا۔ انھوں نے کہا کہ عدالت نے پرائیویسی سے متعلق اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ برقع کا انتخاب بنیادی حق ہے۔ اسدالدین اویسی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’برقع پر جو بیان شیو سینا نے دیا ہے اس کا مقصد ووٹوں کا پولرائزیشن کرنا ہے۔ اس لیے میری گزارش ہے انتخابی کمیشن سے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے لیے فوری کارروائی کرے۔‘‘

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

گجرات بی جے پی صدر 72 گھنٹے تک نہیں کر سکیں گے انتخابی تشہیر، الیکشن کمیشن نے لگائی پابندی

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملے میں گجرات بی جے پی صدر جیتو بھائی وگھانی پر کارروائی کی ہے۔ ایک انتخابی جلسہ میں نازیبا زبان کے استعمال کے الزام میں کمیشن نے وگھانی پر 72 گھنٹے کے لیے انتخابی تشہیر کرنے پر روک لگا دی ہے۔ ان پر پابندی 2 مئی کو شام چار بجے سے نافذ ہوگا۔

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

https://twitter.com/ANI/status/1123408201251090433

ملک کا رکھوالا ہی ملک کے ساتھ گڑبڑ کر رہا ہے: جیہ بچن

سماجوادی پارٹی لیڈر جیہ بچن نے لکھنؤ میں پی ایم نریندر مودی کا نام لیے بغیر ان پر زبردست نشانہ سادھا ہے۔ انھوں نے ایک تقریب میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’رکھوالے کی ذمہ داری بہت ضروری ہے اور بہت اہم ہے۔ اس ملک میں اس وقت جو ماحول ہے، جو رکھوالا ہے وہی ملک کے ساتھ گڑبڑ کر رہا ہے۔‘‘

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 01 May 2019, 9:11 AM IST