اتر پردیش کے چندولی میں پی ایم مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے پر بی جے پی کارکنوں نے بی ایس پی حامیوں کی پٹائی کر دی ہے، اس مارپیٹ میں بی ایس پی کے کئی حامیوں کو چوٹیں آئی ہیں۔ بی جے پی کارکنان بی ایس پی حامیوں پر پی ایم مودی کی ریلی میں شامل ہونے کے لئے دباؤ بنا رہے تھے، جب ان لوگوں نے مودی کی ریلی میں شامل نہ ہونے کے لئے منع کیا تو انہیں لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹا۔
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
مغربی بنگال میں بی جے پی صدر امت شاہ کے روڈ شو کے دوران ہوئے تشدد اور پھر الیکشن کمیشن کے ذریعہ ریاست میں 16 مئی کی رات سے انتخابی تشہیر پر پابندی لگائے جانے پر ہنگامہ برپا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں الیکشن کمیشن کے اس قدم کو پی ایم مودی کے دباؤ میں اٹھایا ہوا قدم ٹھہرا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ ’’الیکشن کمیشن نے مودی جی کی ریلی کو اجازت دی اور اس کے بعد انتخابی تشہیر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن جانبداری سے کام لے رہی ہے۔ یہ ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔‘‘
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو حب الوطن قرار دیا ہے۔ پرگیہ نے کہا کہ ’’ناتھو رام گوڈسے حب الوطن تھے، حب الوطن ہیں اور حب الوطن رہیں گے۔‘‘ پرگیہ نے مزید کہا کہ ’’ناتھو رام گوڈسے کو دہشت گرد کہنے والے لوگوں کو خود کے اندر دیکھنا چاہیے، ایسے لوگوں کو انتخابات میں جواب ملے گا۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار اور مکّل ندھی میّم پارٹی کے سربراہ کمل ہاسن نے کہا تھا کہ ’’آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہندو تھا اور اس کا نام ہے ناتھو رام گوڈسے۔‘‘
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
مغربی بنگال کے متھرا پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’گزشتہ رات ہمیں پتہ چلا کہ بی جے پی نے انتخابی کمیشن سے شکایت کی ہے۔ ہم نریندر مودی کے جلسہ کے بعد کوئی ریلی نہیں کر سکتے ہیں۔ انتخابی کمیشن بی جے پی کا بھائی ہے، پہلے یہ ایک غیر جانبدار کمیشن تھا، اب ملک میں ہر کوئی کہتا ہے کہ انتخابی کمیشن خود کو بی بی جے پی کے ہاتھوں فروخت کر چکا ہے۔‘‘
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
راجستھان کے الور اجتماعی عصمت دری معاملہ پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج میڈیا سے بات کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں نے اس واقعہ کے بارے میں سنا۔ میں نے اشوک گہلوت جی سے بات کی ہے۔ یہ میرے لیے سیاسی ایشو نہیں ہے۔ میں نے متاثرہ فیملی سے ملاقات کی۔ اس دوران انھوں نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے جو کہ انھیں ملے گا۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔‘‘
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر پی ایم نریندر مودی کو بالکل نئے اندازی سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے پی ایم مودی کے ذریعہ بولے جا رہے جھوٹ پر دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’مودی لائی (مودی کا جھوٹ) نیا لفظ ہے جو پوری دنیا میں مشہور ہو رہا ہے۔ اب تو ’مودی لائی‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی ہے۔ جس پر مودی کے ذریعہ بولے گئے جھوٹ کو جمع کیا گیا ہے۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ’مودی لائیز ڈاٹ اِن‘ ویب سائٹ کا ایک لنک شیئر کیا ہے جس میں واقعتاً پی ایم مودی کے ذریعہ بولے گئے جھوٹ کو یکجا کیا گیا ہے۔
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
کولکاتا تشدد پر بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ ’’امت شاہ اور ان کے لیڈر ممتا بنرجی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایسا منصوبہ بند طریقے سے کیا جا رہا ہے۔ یہ بے حد خطرناک عمل ہے۔ یہ سب کچھ جو ہو رہا ہے وہ ملک کے پی ایم کو زیب نہیں دیتا۔‘‘ مایاوتی نے مزید کہا کہ ’’انتخابی کمیشن نے آج (جمعرات) رات 10 بجے سے مغربی بنگال میں انتخابی تشہیر پر روک لگا دی ہے۔ رات 10 بجے سے انتخابی تشہیر پر روک اس لیے لگائی گئی کیونکہ پی ایم مودی کی آج دن میں دو ریلیاں ہیں۔ اگر انھیں روک لگانی تھی تو آج صبح سے کیوں نہیں لگائی۔ یہ نامناسب ہے اور انتخابی کمیشن دباؤ میں کام کر رہا ہے۔‘‘
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 May 2019, 11:10 AM IST
تصویر سوشل میڈیا
تصویر: پریس ریلیز