نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہےکہ کورونا نے متعدد لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے لیکن سب سے زیادہ درد اس نے مہاجر مزدوروں کو دیا ہے جنہیں مارا پیٹا گیا، روگا گیا، ڈرایا دھمکایا گیا لیکن وہ رکے نہیں اور اپنے گھروں کی جانب چلتے رہے۔ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز مہاجر مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ان کی پریشانیوں کو دور کرنے اور انہیں ان کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ہریانہ سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے اترپردیش کے کچھ مزدوروں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ روزی روٹی چھن جانے کی وجہ سے پریشان ہزاروں مزدور سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جارہے ہیں۔
Published: 23 May 2020, 1:11 PM IST
راہل گاندھی نے کہا کہ مزدور صرف کام چاہتے ہیں۔ مہاجر مزدور سب سے زیادہ اس بات سے پریشان ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن نافذ کرتے وقت ان کی پرواہ نہیں کی اور اچانک لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ مزدور اس سے بھی پریشان ہیں کہ لاک ڈاؤن مسلسل بڑھایا جارہا ہے اور انہیں اپنے گھر جانے کا موقع نہیں مل رہا ہے۔ کام نہ ہونے کی وجہ سے مزدور صرف اپنے گھروں تک پہنچنا چاہتے ہیں اسی لئے وہ پیدل چل رہے ہیں۔
Published: 23 May 2020, 1:11 PM IST
ویڈیو میں مزدوروں نے کانگریس لیڈر سے کہا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے پہلے پی ایم مودی کو یہ سوچنا چاہیے تھا کہ اس ملک میں غریب بھی رہتے ہیں جو دن میں کماتے ہیں اور شام کو اسی کمائی سے پیٹ بھرتے ہیں۔ انہیں غریبوں کا دھیان رکھنا چاہیے تھا اور اسی لحاظ سے فیصلہ کرنا چاہیے تھا ، لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اچانک ٹی وی پر آئے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچائے اور حکومت کو 13 کروڑ ضرورت مند کنبوں کی فوری مدد کرنی چاہیے اور ان کے کھاتے میں 7500 روپے جمع کرنے چاہیے تاکہ انہیں مزید کسی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Published: 23 May 2020, 1:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 May 2020, 1:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز