کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اپنی گنگا یاترا کی پہلی منزل دُم دُما پہنچیں اور پھر بوٹ سے اتر کر مقامی لوگوں سے کچھ دیر تک بات چیت کی۔ انھوں نے وہاں مقامی لوگوں کے مسائل جاننے کی کوشش کی اور کہا کہ ’’حق مانگنے والوں کو حکومت دبانے کی کوشش کرتی ہے۔ لایعنی ایشوز میں انھیں الجھایا جا رہا ہے۔ آج نوجوان اور کسان پریشان ہیں، عوام کی آواز سنی نہیں جا رہی، اس لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’آپ اپنے ووٹ کو کمتر مت سمجھیے۔ ترقی کے لیے ووٹ کیجیے اور بے روزگاری دور کرنے کے لیے ووٹ کیجیے۔‘‘
Published: 18 Mar 2019, 11:09 AM IST
گنگا یاترا کے دوران پرینکا گاندھی نے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ اس سفر کے شروعات کے ساتھ ہی انھوں نے اسٹیمر بوٹ میں موجود طلبا و طالبات کے نمائندہ وفد کے ساتھ سنجیدہ گفتگو کی۔ اس بات چیت کے دوران انھوں نے تعلیم، بے روزگاری اور عام مسائل سے جڑی باتوں کے بارے میں جاننے کی کوشش کی۔
اس سے قبل جب منیّا گھاٹ سے پرینکا گاندھی اپنے سفر پر روانہ ہوئیں تو لوگوں کو ہاتھ ہلا کر ان کی محبتوں کا استقبال کیا۔ سفر پر روانگی سے قبل انھوں نے پریاگ راج کی ایک مندر میں پوجا کی اور پھر بچوں سے ملاقات بھی کی۔
Published: 18 Mar 2019, 11:09 AM IST
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ’گنگا یاترا‘ منیّا گھاٹ سے شروع ہو چکی ہے اور وہ اب تین دنوں تک گنگا کے سفر پر رہیں گی۔ ان کے سفر کا اختتام وارانسی کے اسّی گھاٹ پر ہوگا۔ 140 کلو میٹر کی ’گنگا یاترا‘ پر روانہ ہونے سے پہلے پرینکا گاندھی نے پوجا پاٹھ کی اور لوگوں کی زبردست بھیڑ نے انھیں منیّا گھاٹ سے الوداع کہا۔ اس موقع پر کانگریس اور پرینکا گاندھی کے حق میں لوگوں نے نعرے بھی بلند کیے۔
تین روزہ گنگا یاترا پر روانگی کے بعد اتر پردیش کانگریس نے پرینکا گاندھی کی کچھ تصویریں ٹوئٹ کی ہیں اور ساتھ میں لکھا ہے کہ ’’ذات پات کی پیچیدگیوں، تفریق سے اوپر اٹھ کر تیرتھ استھان سبھی کو یکساں طور پر گلے لگا کر عالمگیر مذہب، انسانیت کا پیغام دیتے ہیں۔ تریوینی سنگم، پریاگ راج۔‘‘
Published: 18 Mar 2019, 11:09 AM IST
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اسٹیمر بوٹ پر 140 کلو میٹر طویل گنگا یاترا کرنے کا فیصلہ لیا ہے اور آج سے وہ اس تین روزہ دورہ پر نکلنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ اس کے تحت انھوں نے سنگم گھاٹ پر پوجا بھی کیا اور اب وہ یہیں سے کچھ ہی دیر میں غسل کے بعد اپنے اس سفر کی شروعات کریں گی۔ پرینکا گاندھی کی اس گنگا یاترا کو لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے اور بی جے پی میں اس سے ایک خوف کا عالم بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
سنگم گھاٹ پر پوجا کرنے سے پہلے پرینکا گاندھی نے پریاگ راج میں بڑے ہنومان مندر میں بھی پوجا آج صبح پوجا کی۔ یاترا سے ٹھیک ایک دن پہلے یعنی اتوار کے روز پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کی عوام کے نام ایک خط بھی لکھا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’گنگا جی اتر پردیش کا سہارا ہیں اور میں بھی گنگا جی کے سہارے ہوں۔ گنگا جی کے سہارے ہی آپ لوگوں کے بیچ آؤں گی۔‘‘ دراصل پرینکا گاندھی 140 کلو میٹر طویل اپنے اس سفر میں راستے میں پڑنے والے گاؤں کے لوگوں سے ملاقات بھی کریں گی اور ان کے مسائل کو جانیں گی۔
Published: 18 Mar 2019, 11:09 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 Mar 2019, 11:09 AM IST
تصویر: پریس ریلیز