سپریم کورٹ نے لکھیم پور کھیری تشدد معاملے کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی کو تحلیل کر دیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے ایس آئی ٹی کی جانچ کی نگرانی کر رہے ہائی کورٹ کے سبکدوش جج راکیش کمار جین کو بھی نگرانی کے کام سے آزاد کر دیا ہے۔ تین سینئر آئی پی ایس افسران ایس بی شروڈکر، دیپیندر سنگھ اور پدمجا چوہان اس ایس آئی ٹی کا حصہ تھے۔ اس معاملے میں عدالت عظمیٰ کا کہنا ہے کہ جانچ پوری ہو چکی ہے اور مقدمہ چل رہا ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو بعد پھر سے ایس آئی ٹی تشکیل دی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ 3 اکتوبر 2021 کو لکھیم پور کھیری میں تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 4 کسان سمیت 8 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ لکھیم پور کھیری ضلع کے تکونیا میں ہوئے اس تشدد میں مرکزی وزیر اجئے کمار مشرا کا بیٹا آشیش مشرا کلیدی ملزم ہے۔ پیر کے روز ہوئی سماعت کے دوران جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے ایس آئی ٹی کو تحلیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایس آئی ٹی کو پھر سے تشکیل دینے کی ضرورت محسوس ہوگی تو اس سلسلے میں مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے سابق نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے دورہ کے خلاف لکھیم پور کھیری کے کسان احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک ایس یو وی نے احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں کو کچل دیا تھا جس سے 4 کسانوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد ناراض لوگوں نے ایس یو وی کے ڈرائیور اور بی جے پی کے دو کارکنان کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ اس تشدد میں ایک صحافی کی بھی موت ہو گئی تھی۔ کلیدی ملزم آشیش مشرا ٹینی کو سپریم کورٹ نے گزشتہ 11 جولائی کو عارضی ضمانت پر رِہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس ضمانت کو 26 ستمبر تک کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔ لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں آشیش مشرا سمیت مجموعی طور پر 13 افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ آشیش کے علاوہ دیگر ملزمین میں انکت داس، نندن سنگھ بشٹ، لطیف کالے، ستیم عرف ستیہ پرکاش ترپاٹھی، شیکھر بھارتی، سمت جیسوال، آشیش پانڈے، لوکش رانا، شیشوپال، اُلاس کمار عرف موہت ترویدی، رنکو رانا اور دھرمیندر بنجارا کا نام شامل ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز