پنجاب کے لاہور میں 27 ستمبر1932 کو پیدا ہونے والے یش چوپڑا کے بڑے بھائی بی آر چوپڑا فلم انڈسٹری کے جانے مانے پروڈیوسر و ڈائرکٹر تھے۔ اپنے کریئر کے شروعاتی دور میں یش چوپڑا نے آئی ایس جوہر کے ساتھ بطور معاون کام کیا۔ بطور ہدایت کار یش چوپڑا نے اپنے سینما کریئر کا آغاز 1959میں اپنے بھائی کے بینر تلے بننے والی فلم’دھول کا پھول‘ سے کیا۔
1961 میں یش چوپڑا کو ایک بار پھر اپنے بھائی کے بینر تلے بنی فلم’ دھرم پتر‘ کو ڈائرکٹ کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم سے ہی بطور اداکار ششی کپور نے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ 1965میں فلم ’وقت‘ یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم، بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم کو بالی ووڈ کی پہلی ملٹی اسٹارر فلم مانا جاتاہے۔ ’وقت ‘ میں بلراج ساہنی، راج کمار، سنیل دت، ششی کپور اور رحمٰن نے اہم رول ادا کئے تھے۔
Published: 21 Oct 2018, 7:09 PM IST
1969میں یش چوپڑا کے کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’اتفاق‘ آئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجیش کھنہ اور نندا کی جوڑی والی سسپنس تھرلر اس فلم میں کوئی نغمہ نہیں تھا اس کے باوجود ناظرین میں فلم نے زبردست پذیرائی حاصل کی اور اسے سپر ہٹ بنا دیا۔
1973 میں آئی فلم ’داغ‘ کے ذریعہ یش چوپڑا نے فلم سازی کے شعبہ میں قدم رکھا اور ’یش راج‘ بینر کا قیام عمل میں آیا۔ راجیش کھنہ، شرمیلا ٹیگور اور راکھی کی اداکاری والی یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔ 1975میں آنے والی فلم ’دیوار‘ اور یش چوپڑا کے فلمی کریئر کیلئے میل کا پتھر ثابت ہوئی۔ 1976میں یش چوپڑا کی فلم ’کبھی کبھی‘ آئی۔ رومانی پس منظر پر مبنی اس فلم میں یش چوپڑا نےاینگری ینگ مین امیتابھ بچن سے رومانی کردار کروا کر فلم ناظرین کو حیرت میں ڈال دیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ یش چوپڑا نے امیتابھ بچن کے ذریعہ شاعر اورنغمہ نگار ساحر لدھیانوی کی زندگی سے جڑے پہلوؤں کو پردۂ سیمیں پر پیش کیا تھا۔
Published: 21 Oct 2018, 7:09 PM IST
1981 میں آئی فلم ’سلسلہ‘ یش چوپڑا کی ہدایت کاری کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ مانا جاتا ہے کہ اس فلم میں امیتابھ-ریکھا کے رشتوں پر مبنی فلم ہے۔ 1982 سے 1989 تک کا وقت یش چوپڑا کیلئے برا ثابت ہوا۔ ا س دوران ان کی ’ناخدا‘، ’سوال‘، ’فاصلے‘، ’مشال‘، ’وجے‘ جیسی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوگئیں۔
1989 میں سری دیوی اور رشی کپور کی اداکاری والی فلم ’چاندنی‘ کی کامیابی کے ساتھ یش چوپڑا ایک بار پھر سے شہرت کی بلندیوں پر جاپہنچے۔ 1991 میں آئی ’لمحے‘ یش چوپڑا کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑا نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی ہے۔ حالانکہ یہ فلم ناظرین کے معیار پر کھری نہیں اتری لیکن فلمی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ فلم یش چوپڑا کے کریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔
1995 میں یش چوپڑا کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’دل والے دلہنیاں لے جائیں گے‘ آئی، نوجوانوں کی محبت پر مبنی کہانی شاہ رخ خاں کی بہترین اداکاری سے مزین یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔
1997 میں آئی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ یش چوپڑا کی ایک اور شاندار فلم شمار کی جاتی ہے۔ مادھوری دیکشت، شاہ رخ خاں اور کرشمہ کپور کی محبت کے تکون پر مبنی اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑا نے فلم ناظرین کو یہ بتایا کہ جوڑی اوپر والے کی مرضی سے سورگ میں بنتی ہے۔ اس فلم کے بعد بطور ہدایت کار یش چوپڑہ نے کچھ برسوں تک فلموں کی ہدایتکاری بند کردی۔
2004 میں آئی فلم ’ویر زارا‘ سے یش چوپڑا نے ایک بار پھر ڈائرکشن میں قدم رکھا۔ شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کی اداکاری والی اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑا نے ناظرین کو بتایا کہ محبت کسی ملک کی سرحد میں قید نہیں رہ سکتی ہے۔ اس فلم کی موسیقی سے جڑی دلچسپ کہانی یہ ہے آنجہانی مدن موہن کی 8 دھنوں کو فلم میں استعمال کیا گیا۔
یش چوپڑا کواپنے فلمی کریئر میں 11 بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم کے شعبہ میں نمایاں کام کرنے کے صلہ میں انہیں پروقار’دادا صاحب پھالکے‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
یش چوپڑا کی آخری فلم ’جب تک ہے جان‘ 2012 میں آئی۔ اپنی فلموں کے ذریعہ ناظرین کو رومانس کا احساس کرانے والے یش چوپڑا نے 21 ا کتوبر 2012 میں دنیا کو الوداع کہہ دیا۔
Published: 21 Oct 2018, 7:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Oct 2018, 7:09 PM IST