سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کو لے کر کچھ ایسے اندیشے ظاہر کیے ہیں جو بہت اہم ہیں۔ انھوں نے اس کی عملیت اور اس کے ممکنہ اثرات پر فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو سفارشات پیش کی گئی ہیں، وہ خامیوں سے پُر ہیں۔ انھوں نے اس معاملے میں پارلیمنٹ کے اندر بحث کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بغیر پارلیمانی بحث کے خامیوں کو دور نہیں کیا جا سکتا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی ہوئی میٹنگ کے دوران بدھ کے روز کوود کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کی تجویز کو منظوری دے دی گئی۔ سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی صدارت والی اس کمیٹی نے پہلے قدم کی شکل میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے لیے ایک ساتھ انتخاب کرانے، اور پھر اس کے بعد 100 دن کے اندر مقامی بلدیاتی انتخابات کرانے کی سفارش کی ہے۔
Published: undefined
’ایک ملک، ایک انتخاب‘ پر بنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اس تجویز سے متعلق موصول 21558 مشوروں میں 80 فیصد سے زائد مشورے حمایت پر مبنی ہیں۔ حالانکہ ایس وائی قریشی نے اس رپورٹ میں کئی موجود کئی اہم سفارشات کو خامیوں سے بھرا ہوا بتا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ ہونے والے انتخابات میں پنچایت انتخاب باہر ہو جائیں گے، جبکہ پنچایت میں ہی بڑی تعداد میں مقامی منتخب افسران ہوتے ہیں۔
Published: undefined
خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے ساتھ بات چیت کے دوران قریشی نے بتایا کہ ’’مقامی سطح پر 30 لاکھ سے زائد منتخب نمائندوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ساتھ انتخاب کرانے کو لے کر پورے ملک میں ہلچل والی حالت بنائی جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کچھ ہی مہینوں کے وقفہ پر الگ الگ انتخاب کرانے سے بڑے لاجسٹک چیلنجز سامنے آئیں گے اور ووٹرس کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کووند کمیٹی رپورٹ میں مشورہ دیا گیا ہے کہ پنچایت انتخاب 100 دنوں کے اندر الگ سے ہوں گے، اس مشورہ کے بارے میں سابق چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ یہ ایک ساتھ انتخابات کے بنیادی عنصر کے برعکس ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ انتخابی کمیشن نے اشارہ دیا ہے کہ اسے ایک ساتھ انتخابات کرانے کے لیے موجودہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) اور ووٹر ویریفائیڈ پیپر آڈٹ ٹریلس (وی وی پی اے ٹی) کے مقابلے تین گنا زیادہ کی ضرورت ہوگی۔ اس پر ایس وائی قریشی کا کہنا ہے کہ اس کے لیے تقریباً 40 لاکھ اضافی مشینوں کی ضرورت پڑے گی، جس سے مالی اور ساز و سامان سے متعلق رخنات پیدا ہوں گے۔ اس لیے حساب لگائیے تو ہزاروں کروڑ روپے کی ضرورت ہوگی۔
Published: undefined
ان چیلنجز کے مدنظر ایس وائی قریشی نے پارلیمنٹ میں بحث کی اہمیت پر زور دیا اور اراکین پارلیمنٹ سے ان فطری عملی ایشوز کو حل کرنے کی گزارش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’دیہی عوام قومی پالیسیوں کے مقابلے میں مقامی ایشوز کی زیادہ پروا کرتے ہیں۔ اگر وہ لاجسٹک ایشوز کے سبب ووٹنگ نہیں کر سکتے ہیں تو ان کی آواز کو خاموش کرا دیا جائے گا۔‘‘
Published: undefined
ایس وائی قریشی نے ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ سے متعلق تجویز کو نافذ کرنے کے بعد پیش آنے والی آئینی ضروریات پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت کی ضرورت ہوگی، ساتھ ہی کم از کم نصف ریاستوں سے منظوری کی ضرورت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ یہ عمل پیچیدہ اور متنازعہ ثابت ہو سکتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر سوشل میڈیا