عآپ کے کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کے روز ایک بیان دیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’بھگوان ان کی پارٹی (عآپ) کے ساتھ ہے اور ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ کچھ بھی غلط نہیں کیا گیا ہے۔‘‘ یہ بیان انھوں نے منی لانڈرنگ کی جانچ سے متعلق عآپ راجیہ سبھا رکن سنجیو اروڑا سے منسلک کئی مقامات پر ای ڈی کی چھاپہ ماری کو پیش نظر رکھتے ہوئے دیا ہے۔
Published: undefined
کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت بدعنوانی کی جانچ کے نام پر اپنی ایجنسیوں کے ذریعہ ان کی پارٹی کو ہدف بنا رہی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ایجنسیوں نے مجھے، منیش سسودیا، سنجے سنگھ اور پارٹی کے دیگر لیڈروں کو گرفتار کیا تھا، اور خوفزدہ کرنے کی کارروائی اب بھی جاری ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایسا نہیں ہے کہ بدعنوانی کی جانچ ہو رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم ایک پارٹی کے پیچھے پڑے ہیں اور انھوں نے اس پارٹی اور لیڈروں کو ختم کرنے کے لیے سبھی وسائل اور ایجنسیوں کو لگا دیا ہے۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ ای ڈی نے عآپ کے راجیہ سبھا رکن سنجیو اروڑا اور دیگر لوگوں کے خلاف زمین دھوکہ دہی کے ایک معاملے کی جانچ کے تعلق سے پیر کے روز جالندھر، لدھیانہ، گروگرام اور دہلی میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 61 سالہ رکن پارلیمنٹ کے لدھیانہ اور گروگرام میں واقع رہائش سمیت تقریباً 17-16 مقامات پر تلاشی لی گئی۔ اس سلسلے میں کیجریوال کا واضح لفظوں میں کہنا ہے کہ ’’بھگوان ہماری پارٹی کے ساتھ ہے۔ ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ کچھ بھی غلط نہیں کیا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے الزام عائد کیا کہ دھیرے دھیرے پردہ کھل رہا ہے، وزیر اعظم کی حقیقت سامنے آ رہی ہے اور لوگوں کو احساس ہو رہا ہے کہ وہ کہتے کچھ ہیں، کرتے کچھ ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز