سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جس سے لوگ ایک بار پھر گرم ملبوسات و آلات استعمال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی میں 8 مارچ کی سہہ پہر سے موسم میں بہتری واقع ہونا متوقع ہے۔
Published: undefined
وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر کئی مقامات پرمٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کئی گھنٹوں تک معطل رہی تاہم جمعہ کو بعد از دوپہر ٹریفک کی نقل وحمل بحال کی گئی۔ ہائی وے ذرائع نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کے باعث قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آئے جس کے پیش نظر ٹریفک کی نقل وحمل کو کئی گھنٹوں تک روک دیا گیا تاہم بعد ازاں جمعہ کی دوپہر سے شاہراہ کو قابل آمد ورفت بناتے ہی پہلے درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔
Published: undefined
وادی میں بالائی علاقوں میں رک رک کے ہلکی بارف باری اور میدانی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی میں اضافہ ہونے سے لوگوں نے ایک بار پھر گرم ملبوسات اور گرمی کے آلات خاص کر کانگڑیوں کو استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کے میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں علاوہ ازیں وادی کے کئی بالائی علاقوں میں بھی درمیانی درجے کی برف باری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
Published: undefined
ماہ فروری کے دوران موسم مجموعی طور پر خوشگوار رہنے کے پیش نظر لوگوں نے گرم ملبوسات زیب تن کرنے میں کمی کی تھی اور گرمی کے آلات جسیے کانگڑیوں وغیرہ کا استعمال بھی ترک کرنا شروع کیا تھا لیکن ماہ رواں کے پہلے ہفتے سے ہی موسم نے کروٹ بدل کر لوگوں کو ایک بار ان چیزوں کو استعمال کرنے پر مجبور کیا۔ ادھر بارشیں شروع ہونے کے ساتھ ہی شہر سری نگر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔
Published: undefined
لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بوندا باندی سے ہی ہماری سڑکیں، سڑکیں کم جھیل جھرنے زیادہ دکھائی دیتی ہیں جس کے باعث عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا امر محال ہی نہیں بلکہ پر خطر بھی بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہگیروں کو سڑکوں پر چلنے کے دوران گڑھوں میں ڈوبنے یا کیچڑ پر پھسل کر گھر کے بجائے ہسپتال پہنچنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
Published: undefined
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز