سری نگر: وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان ٹورسٹ گائیڈ نے پانچ سیاحوں کی جان بچا کر اپنی جان جان آفرین کے حوالے کر کے کشمیر کی اعلیٰ انسان دوستی کی شمع کو فروزاں کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ینڈ پہلگام سے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹورسٹ گائیڈ روؤف احمد ڈار نے حقیقی کشمیریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی قیمت پر شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں بہنے والے دریائے لدر سے دو غیر ملکی سیاحوں سمیت پانچ سیاحوں کی جان بچائی۔
Published: 01 Jun 2019, 3:10 PM IST
دریں اثنا ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ٹورسٹ گائیڈ کے حق میں بعد از مرگ بہادری ایوارڈ کا اعلان کیا ہے اور صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے لواحقین کے حق میں دو لاکھ روپئے فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ماورہ پہلگام میں رافٹنگ پوائنٹ پر جمعہ کے روز ایک کشتی تیز ہواؤں کی لپیٹ میں آکر الٹ گئی اور کشتی میں سوار تمام سیاح دریائے لدر میں غرق آب ہوگئے۔
Published: 01 Jun 2019, 3:10 PM IST
انہوں نے بتایا کہ اس دوران روؤف احمد ڈار نامی ٹورسٹ گائیڈ نے اپنی جان کی قیمت پر دو غیر ملکی سیاحوں سمیت پانچ سیاحوں کی زندگیاں بچائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولس، مقامی ایس ڈی آر ایف اہلکاروں اور مقامی رضاکاروں نے ہفتہ کی صبح بہادر ٹورسٹ گائیڈ کی لاش بھاونی پل کے قریب برآمد کی اور طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش کو لواحقین کے سپرد کیا گیا۔
Published: 01 Jun 2019, 3:10 PM IST
حکام نے بتایا کہ ینڈ پہلگام سے تعلق رکھنے والے روؤف احمد نے کشمیر کی اعلیٰ ہمدردی وانسان دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ سیاحوں کی جان بچا کر ایک مثال قائم کی ہے۔ ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کشمیر عامر علی نے روؤف احمد کی مثالی بہادری کی ستائش کرتے ہوئے کہا روؤف نے اپنی جان کی پراہ کیے بغیر دو غیر ملکی سیاحوں سمیت پانچ سیاحوں کی جان بچا کر کشمیریت کی اعلیٰ انسان دوستی کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روؤف کی لاش کو بھاونی پل کے قریب ہفتہ کی صبح بر آمد کی گئی۔
Published: 01 Jun 2019, 3:10 PM IST
ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ خالد جہانگیر نے روؤف احمد کو بہادری کا ایوارڑ دینے اور اس کے پسماندگان کے حق میں فوری ریلیف واگزار کرنے کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے بتایا 'روؤف نے اپنی جان دے کر پانچ سیاحوں کو بچایا ہے۔ اس نے حقیقی کشمیریت کی مثال پیش کی ہے'۔
Published: 01 Jun 2019, 3:10 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Jun 2019, 3:10 PM IST