قومی خبریں

کشمیر: چلہ خورد کا پہلا عشرہ خوشگوار مگر شبانہ سردی جاری

وادی میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان کے 40 روزہ دور کے بعد 20 روزہ چلہ خورد کا آغاز ماہ جنوری کی 31 تاریخ سے شروع ہوتا ہے تاہم اس دوران بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: وادی کشمیر میں 20 دنوں پر محیط چلہ خورد کے پہلے عشرے کے دوران موسم اگرچہ خشک ہی نہیں بلکہ خوشگوار بھی ہے لیکن شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے درج ہو رہا ہے جس کے باعث لوگوں کو دوران شب ٹھٹھرتی سردی سے راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے۔

Published: undefined

بتادیں کہ وادی میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان کے 40 روزہ دور حکومت کے اختتام کے بعد 20 روزہ چلہ خورد کا دوراقتدار ماہ جنوری کی 31 تاریخ سے شروع ہوتا ہے تاہم اس دوران اگرچہ بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا لیکن سردیوں کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کمی واقع ہو جاتی ہے۔

Published: undefined

ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں 10 فروری تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم 11 اور 12 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف و باراں توقع ہے۔ وادی کا بیرون دنیا کے ساتھ زمینی و فضائی رابطہ برابر برقرارو بحال ہے۔ ہائی وے ذرائع کے مطابق وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل جاری وساری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ ہفتے کے روز بھی یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھلی رہی اور گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت تھی۔ وادی کشمیر میں 20 روزہ چلہ خورد کے پہلے عشرے کے دوران ہفتے کے روز بھی موسم خشک ہی نہیں بلکہ خوشگوار رہا تاہم شبانہ سردیوں کا زور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث لوگوں کا دوران شب سردی کی شدت سے پریشان ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

Published: undefined

ادھر لوگوں کو دوران دن خوشگوار موسم سے محظوظ ہونے کے لئے پارکوں، دکان کے تھڑوں اور سڑک کے کناروں پر ٹولیوں میں بیٹھے دیکھا جارہا ہے۔ سری نگر کے قلب لالچوک میں واقع پرتاب پارک میں دھوپ سے لطف اٹھا رہے محمد رمضان خان نامی ایک سن رسیدہ شہری نے یو این آئی اردو کو بتایا: 'امسال چلہ کلان نے جینا حرام کردیا اب چلہ خورد کے دوران موسم خوشگوار ہے اللہ کرے موسم کا یہی روپ آگے بھی جاری رہے'۔

Published: undefined

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور آفاق سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Published: undefined

وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 19.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 14.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 29.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined