قومی خبریں

کشمیر: پابندی کے باوجود درجنوں ماتمی جلوس برآمد، سری نگر کے مرکزی ماتمی جلوس پر قدغن

کشمیر انتظامیہ نے سری نگر میں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں پر قدغن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یوم عاشورہ پر آبی گذر سے برآمد ہونے والے یوم عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس کو ایک بار پھر نکالنے سے روک دیا

یوم عاشورہ کے موقع پر سری نگر کے تاریخی لال چوک کا منظر / تصویر یو این آئی
یوم عاشورہ کے موقع پر سری نگر کے تاریخی لال چوک کا منظر / تصویر یو این آئی 

سری نگر: کشمیر انتظامیہ نے سری نگر میں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں پر قدغن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اتوار کو یوم عاشورہ کے موقع پر تاریخی لال چوک کے آبی گذر سے برآمد ہونے والے یوم عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس کو ایک بار پھر نکالنے سے روک دیا۔ تاہم وادی کے دیگر اضلاع بالخصوص ضلع بڈگام میں عزاداروں نے کورونا وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز، جن کے تحت جلوسوں کو برآمد کرنے اور بڑے مذہبی اجتماعات کے انعقاد پر پابندی عائد ہے، کو توڑتے ہوئے درجنوں جگہوں پر چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے۔

Published: undefined

UNI

انتظامیہ نے بظاہر گزشتہ چند روز کے دوران پیش آنے والے واقعات کو دیکھتے ہوئے عزاداروں کو ماتمی جلوس برآمد کرنے سے روکنے کی کوششیں نہیں کیں۔ واضح رہے کہ ہفتے کو پولیس نے سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں جلوس نکالنے والے عزاداروں پر پیلٹ بندوقوں اور آنسو گیس کے شیلوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد عزادار زخمی ہوئے۔ چند عزادار ایسے ہیں جن کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں۔

Published: undefined

قبل ازیں چھ محرم کو پولیس نے ضلع بڈگام کے زوری گنڈ نامی علاقے میں ماتمی جلوس نکالنے والے عزاداروں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ ان دونوں جگہوں پر طاقت کے استعمال کی وجہ سے جموں و کشمیر پولیس شدید تنقید کی زد میں آگئی ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ محرم کے جلوسوں کے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے اور کورونا وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے ہی اس کے اہلکاروں کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا ہے۔

Published: undefined

UNI

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر کی سب سے بڑی شیعہ تنظیم 'انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر' سمیت دیگر چند تنظیموں نے امسال محرم کے ماتمی جلوس برآمد نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن عزاداروں نے یہ کہتے ہوئے ان فیصلوں کو ماننے سے انکار کیا ہے کہ ماتمی جلوس منسوخ کرنے کے اعلانات سے قبل انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اتوار کو ایک بار پھر شہر کے مختلف پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں سخت پابندیاں نافذ کی گئیں جن کے ذریعے ماتمی جلوس کی برآمدگی ناممکن بنادی گئی۔

Published: undefined

UNI

بتادیں کہ وادی کشمیر میں سری نگر کے گرو بازار اور آبی گذر (تاریخی لال چوک) علاقوں سے برآمد ہونے والے 8 ویں اور 10 ویں محرم الحرام کے تاریخی ماتمی جلوسوں پر جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کے آغاز یعنی سنہ 1989 سے پابندی عائد ہے۔ ان دو تاریخی ماتمی جلوسوں پر سنہ 1989 میں اُس وقت کے ریاستی گورنر جگ موہن نے پابندی عائد کردی تھی۔ اُس وقت مرکز میں مرحوم مفتی محمد سعید وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز تھے ۔ سنہ 1989 سے قبل جہاں 8 ویں محرم کا ماتمی جلوس سری نگر کے گرو بازار علاقے سے برآمد ہوکر حیدریہ ہال ڈل گیٹ میں اختتام پذیر ہوتا تھا وہیں 10 ویں محرم کا جلوس لال چوک کے آبی گذر علاقے سے برآمد ہوکر علی پارک جڈی بل میں اختتام پذیر ہوتا تھا۔

Published: undefined

UNI

تاہم اتوار کو سری نگر میں یوم عاشورا کے مرکزی ماتمی جلوس اور دیگر کچھ جلوسوں کو چھوڑ کر وادی کے بیشتر شیعہ آبادی والے علاقوں سے درجنوں چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں عزاداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ماتمی جلوسوں میں شبیہ علم، ذوالجناح اور شبیہ تابوت شامل تھے جبکہ عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کررہے تھے۔ جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ خون کا عطیہ کے کیمپ لگائے گئے تھے۔ جو عزادار ماسکس پہن کر نہیں آئے تھے ان کو ماسکس فراہم کی جا رہی تھیں۔

Published: undefined

UNI

وسطی کشمیر کے شیعہ اکثریتی قصبہ بڈگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق قصبے میں تاریخی ماتمی جلوس میرگنڈ سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی ڈی سی آفس روڑ سے ہوتے ہوئے اتوار کی شام دیر گئے بڈگام میں اختتام پذیر ہوگا۔ اس تاریخی ماتمی جلوس میں شامل عزاداروں کو نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم اس ماتمی جلوس میں اس بار ذوالجناح شامل نہیں تھا جس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے کسٹوڈین 'انجمن شرعی شیعیان' نے ماتمی جلوسوں کی معطلی کا اعلان کر رکھا تھا۔

Published: undefined

UNI

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined