قومی خبریں

کشمیر: چلہ کلان فی الوقت خاموش تاہم رات کا درجہ حرارت مسلسل منفی ریکارڈ

وادی میں گزشتہ روز مطلع صاف رہنے کے باعث دن بھر ہلکی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: وادی کشمیر میں حال ہی میں 40 دنوں کے لئے مسند اقتدار پر فائز ہونے والے بادشاہ زمستان چلہ کلان نے فی الوقت اپنے تیکھے تیور دکھانے سے اجتناب ہی کیا ہے جس کے باعث لوگوں کو پارکوں، دکانوں کے تھڑوں اور سڑک کے کناروں پر ہلکی دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ وادی میں گزشتہ روز مطلع صاف رہنے کے باعث دن بھر ہلکی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔

Published: undefined

ادھر محمکہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں موسم 29 دسمبر تک خشک رہنے کی توقع ہے تاہم وادی میں درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جارہا ہے۔ سری نگر کے تاریخی لال چوک میں واقع پرتاب پارک میں پیر کی دوپہر کو ہلکی دھوپ سے لطف اندوز ہو رہے ادھیڑ عمر کے لوگوں کے ایک گروپ نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ چلہ کلان میں ہلکی ہی سہی دھوپ کا نمودار ہونا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا: 'چلہ کلان جو سخت ترین سردیوں کے لئے وادی میں مشہور ہے، میں ہلکی دھوپ نکلنا بہت بڑی بات ہے بلکہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے کیونکہ اس میں سردی کے پیش نظر لوگ گھروں سے باہر نکل نہیں پارہے تھے لیکن آج چلہ کلان کا تیسرا دن ہے اور ہلکی دھوپ چھائی ہوئی ہے ہم اولین فرصت میں اس سے لطف اندوز ہونے کو غنیمت سمجھا'۔ محمد یاسین نامی ایک شہری نے کہا کہ چلہ کلان سے قبل موسمی حالات نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے تاہم چلہ کلان فی الوقت خاموش ہی ہے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا: 'یہاں لوگوں کو چلہ کلان سے قبل ہی موسمی حالات نے پریشان کردیا ہے لیکن چلہ کلان فی الوقت خاموش ہی ہے اور لوگ دعا کر رہے ہیں کہ چلہ کلان خاموش ہی رہے اگر اس نے اپنے تیور دکھائے تو لوگوں کا جینا حرام ہوجائے گا'۔ محمد یاسین نے کہا کہ چلہ کلان شاید اپنے پہلے ہفتے کے دوران لوگوں کے ساتھ نرم سلوک ہی روا رکھے گا اور بعد میں کیا ہوگا اس پر کچھ کہنا تو قبل از وقت ہی ہوگا تاہم اس کو بھی اپنے زور بازو کا مظاہرہ کرکے اپنی شان اور پہچان کو باور کرنا ہی ہوگا'۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ وادی میں لوگ چلہ کلان کا نام سن کر ہی سردی کی ٹھنڈک محسوس کرتے ہیں اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے اولین فرصت میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہیں۔ جہاں ایک طرف سوکھی سبزیوں کو سٹور کیا جاتا ہے وہیں کوئلہ، گانگڑیوں اور گرم ملبوسات کی خریداری قبل از وقت ہی ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائی جاتی ہے۔ دریں اثنا کشمیر کے دارالخلافہ سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

Published: undefined

لداخ کے ضلع لیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined