سری نگر: وادی کشمیر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے چار کورونا متاثرین کی موت واقع ہونے کے ساتھ جموں و کشمیر میں اب تک اس وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 111 ہوگئی ہے۔ بتادیں کہ وادی میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر اور شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر میں جمعرات کے روز دو دو مریضوں کی موت واقع ہوئی۔
Published: undefined
ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ضلع سری نگر کے بٹہ مالو علاقے سے تعلق رکھنے والی 65 سالہ خاتون مریض اور ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ مریض جن کا کورونا ٹیسٹ جمعرات کو مثبت آیا، کی موت گزشتہ روز واقع ہوئی تھی۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ دونوں مریض نمونیا اور ہائپر ٹینشن کے علاوہ دیگر کئی عارضوں میں مبتلا تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کو بدھ کے روز یہاں داخل کیا گیا تھا۔ قبل ازیں جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام اور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے دو مریضوں کی شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر میں موت واقع ہوئی تھی۔
Published: undefined
سکمز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے ان اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کولگام کے یاری پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ کورونا متاثرہ مریض کو یہاں 22 جون کو لایا گیا تھا اور جمعرات کے روز دن کے قریب سوا بارہ بجے اس کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی ہائپر ٹینشن کے علاوہ بھی کئی عارضوں میں مبتلا تھا۔ موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو یہاں دس روز قبل لایا گیا تھا اور جمعرات کو اس کی یہاں حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی بھی ہائپر ٹینشن اور دوسرے عارضوں میں مبتلا تھا۔
Published: undefined
ان چار اموات کے ساتھ جموں و کشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی مجموعی تعداد 111 ہوگئی ہے جن میں سے 98 کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ 13 صوبہ جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 26 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 18 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع کولگام میں 14، شوپیاں میں 12، اننت ناگ میں 9، بڈگام میں8 ، کپوارہ میں 6، پلوامہ میں 4 اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز