قومی خبریں

کرناٹک اسمبلی انتخاب: بی جے پی لیڈر ایشورپا کو نہیں ملا شعلہ بیانی کا فائدہ، پارٹی نے ٹکٹ نہ دینے کا کیا فیصلہ

ایشورپا کی سیٹ سے یدی یورپا کے قریبی مقامی لیڈر ایانور منجوناتھ ٹکٹ کے دعویدار ہیں، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سماجی کارکن اور آر ایس ایس کے قریبی دھننجے کو بھی اس سیٹ سے امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔

کے ایس ایشورپا، تصویر آئی اے این ایس
کے ایس ایشورپا، تصویر آئی اے این ایس 

کرناٹک اسمبلی انتخاب کو لے کر بی جے پی بہت پھونک پھونک کر قدم بڑھا رہی ہے اور کسی بھی لیڈر کو ٹکٹ دینے سے پہلے بہت غور و خوض کر رہی ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ بی جے پی نے سخت گیر ہندوتوا شبیہ والے اپنے سینئر لیڈر اور سابق وزیر کے. ایس. ایشورپا کو ٹکٹ دینے پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پارٹی انھیں ٹکٹ نہیں دینے کا فیصلہ پہلے ہی لے چکی ہے اور نئے چہرے کی تلاش کر رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پارٹی میں ایشورپا کروبا طبقہ کا بڑا چہرہ تصور کیے جاتے ہیں۔

Published: undefined

ایشورپا سخت گیر ہندو لیڈر ہیں اور لال قلعہ پر بھگوا پرچم لہرانے، اذان اور اقلیت مخالف، خصوصاً مسلمانوں کے خلاف لگاتار بیانات دینے سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ حالانکہ ان کی شعلہ بیانی کا کوئی فائدہ ملتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ ایشورپا اور یدی یورپا ہم عصر لیڈر ہیں اور ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی سوچ رہی ہے کہ جب یدی یورپا کو انتخابی سیاست میں بنے رہنے کے موقع سے محروم کیا گیا ہے تو ایشورپا کو بھی موقع نہیں دیا جائے گا۔

Published: undefined

اس درمیان بی جے پی میں کروبا طبقہ کا بڑا چہرہ تصور کیے جانے والے ایشورپا اپنی سیٹ سے ٹکٹ کے لیے اپنے بیٹے کنٹیش کی پیروی شروع کر چکے ہیں۔ ایشورپا شیوموگا شہر اسمبلی سیٹ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انھوں نے سیاسی سورما کے. ایچ. شرینواس کو شکست دے کر اپنی سیاسی زندگی کا سفر شروع کیا۔ انھوں نے نائب وزیر اعلیٰ کی شکل میں بھی کام کیا ہے۔ ٹھیکیدار اور بی جے پی لیڈر سنتوش پاٹل کی خودکشی معاملے کے بعد ایشورپا کو سال 2022 میں وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کی کابینہ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ پاٹل نے اپنی خودکشی نوٹ میں اپنی حالت کے لیے ایشورپا کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ بعد ازاں اس تعلق سے ہوئی جانچ میں انھیں کلین چٹ مل گئی تھی۔ پھر بھی ایشورپا کابینہ میں واپس نہیں آ سکے۔

Published: undefined

بتایا جا رہا ہے کہ پارٹی تنظیمی سرگرمیوں کے لیے ایشورپا کی خدمات لینے پر غور کر رہی ہے۔ جس سیٹ کی ایشورپا نمائندگی کرتے ہیں، اس سیٹ سے یدی یورپا کے قریبی مقامی لیڈر ایانور منجوناتھ ٹکٹ کے دعویدار ہیں۔ علاوہ ازیں پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سماجی کارکن اور آر ایس ایس کے قریبی دھننجے کو بھی اس سیٹ سے امیدوار بنایا جا سکتا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined