قومی خبریں

کرناٹک انتخاب: راہل گاندھی نے دہشت گردی معاملہ پر پی ایم مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ، بدعنوانی پر پوچھے 4 سوالات

راہل گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’گزشتہ تین سالوں میں بی جے پی نے کرناٹک میں چوری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، شاید ملک کی سب سے بدعنوان حکومت کرناٹک کی بی جے پی حکومت ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر&nbsp;@INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

 

کرناٹک اسمبلی انتخاب میں زیادہ وقت نہیں بچا ہے۔ ایسے میں سبھی پارٹیاں دھواں دھار انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے پی ایم مودی خود ہی ریاست میں محاذ سنبھالے ہوئے ہیں۔ پی ایم مودی نے دہشت گردی کے ایشو پر کانگریس کو گھیرنے کی کوشش کی تو پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے انھیں سخت جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی کو بہانہ بنانے کی جگہ کرناٹک کے لوگوں کو یہ بتانا چاہیے کہ گزشتہ تین سالوں میں ریاست میں ’40 فیصد کمیشن‘ کے خلاف کیا کچھ کیا؟

Published: undefined

راہل گاندھی نے دہشت گردی سے متعلق وزیر اعظم مودی کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ان سے بہتر پی ایم مودی بھی نہیں سمجھ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ان کی دادی اندرا گاندھی اور والد راجیو گاندھی کا قتل کیا تھا۔ دہشت گردی کیا ہوتی ہے اور دہشت گرد کیا کرتا ہے، اس کو میں وزیر اعظم سے بہتر سمجھتا ہوں۔ میری فیملی دہشت گردی کی شکار رہی ہے، ایسے میں وہ دہشت گردی کو مجھ سے بہتر نہیں سمجھ سکتے۔ دراصل پی ایم مودی نے جمعہ کے روز کرناٹک اسمبلی انتخاب میں فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس کو نشانہ بنایا تھا۔ اسی پر راہل گاندھی نے آج جوابی حملہ کیا۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے آج اپنی تقریر کے دوران الزام لگایا کہ ’’گزشتہ تین سالوں میں بی جے پی نے کرناٹک میں چوری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ شاید ملک کی سب سے بدعنوان حکومت کرناٹک کی بی جے پی حکومت ہے۔ ٹھیکیداروں کے ایسو سی ایشن نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا کہ 40 فیصد کمیشن لیا جا رہا ہے۔ آج تک وزیر اعظم نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔‘‘ راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم کرناٹک آتے ہیں، لیکن بدعنوانی کے بارے میں ایک لفظ نہیں بولتے... وزیر اعظم جی، کرناٹک کے نوجوانوں کو بتائیے کہ آپ نے بدعنوانی کے خلاف کیا کیا؟‘‘

Published: undefined

کانگریس لیڈر نے اس دوران کرناٹک کی بی جے پی حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے پی ایم مودی سے 4 سوالات بھی پوچھے جو اس طرح ہیں:

  1. وزیر اعظم نے 40 فیصد کمیشن والی حکومت کے بارے میں کیا کیا؟

  2. کتنے لوگوں کو وزیر اعظم نے گرفتار کروایا؟

  3. وزیر اعظم نے کتنی جانچ کرائی؟

  4. وزیر اعظم بتائیں کہ 40 فیصد میں سے کتنا کرناٹک کے انجن کو ملا، کتنا دہلی کے انجن کو ملا؟

Published: undefined

اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے کرناٹک کے لوگوں سے ان پانچ وعدوں کا بھی تذکرہ کیا جو کانگریس نے انتخاب سے قبل کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت تشکیل دینے کے ساتھ ہی ان پانچ انتخابی گارنٹی پر کام شروع ہو جائے گا جس کا وعدہ پارٹی نے کیا ہے۔ انھوں نے لوگوں سے کہا کہ ’’بی جے پی کو 40 نمبر اچھا لگتا ہے۔ گزشتہ تین سال انھوں نے 40 فیصد کی بات روز آپ کو سنائی۔ انتخاب میں آپ بھی ان کو 40 فیصد یاد دلائیں اور 40 سیٹیں دیں۔ کانگریس کو کم از کم 150 سیٹیں جتانی ہیں، کیونکہ اگر 150 سیٹ نہیں آئی تو بی جے پی کے لوگ حکومت ’چرانے‘ کی کوشش کریں گے۔‘‘

Published: undefined

راہل گاندھی نے مہنگائی کے ایشو پر بھی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گیس سلنڈر پہلے 400 روپے کا تھا، اب 1100 روپے کا ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم جی نے اس کے بارے میں کیا کیا؟ پٹرول پہلے 60 روپے فی لیٹر تھا، اب 100 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے، اس کے بارے میں کیا کیا؟ مہنگائی کو لے کر وزیر اعظم نے کیا کیا؟‘‘ راہل گاندھی نے اس دوران یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ’’اس بار ہم انقلابی کام کرنے جا رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined