کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف لینے کے بعد سدارمیا نے ہفتہ کے روز کہا کہ ان کی حکومت لوگوں کی امیدوں کو پورا کرے گی۔ انھوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’لوگ بدلاؤ چاہتے ہیں۔ میں کابینہ سے منظوری لوں گا اور (انتخابی منشور میں وعدے کے مطابق) سبھی پانچ گارنٹی پر آج حکم جاری کروں گا۔ کرناٹک کے لوگوں کو یہ نئی کانگریس حکومت کی یقین دہانی ہے، میں یہ بھی وعدہ کرتا ہوں کہ کانگریس کے منشور کے سبھی وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔‘‘
Published: undefined
سدارمیا نے کانگریس کی جیت کو کرناٹک کے لوگوں کی جیت قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’عوام کی دعاؤں سے کانگریس برسراقتدار ہوئی ہے۔ کانگریس نے ریاست میں بھارت جوڑو یاترا سے انتخابی تشہیر کی شروعات کی تھی اور یہ پارٹی کے اقتدار میں آنے کے اہم اسباب میں سے ایک ہے۔ راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور دیگر قومی لیڈران نے کرناٹک میں انتخابی تشہیر کی، میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ کرناٹک کے گورنر تھاورچند گہلوت نے کانتیراوا اسٹیڈیم میں ایک تقریب کے دوران سدارمیا کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا۔ سدارمیا نے بھگوان کے نام پر 24ویں وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف برداری کی۔ حلف برداری تقریب میں مختلف پارٹیوں کے کئی قومی لیڈران شامل ہوئے اور اسٹیج پر ہاتھ اٹھا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو جیسے لیڈران اس حلف برداری تقریب میں شامل رہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined