چنئی: کرناٹک پولس نے سینئر صحافی گوری لنکیش قتل کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص بنیاد پرست ہندوتوادی تنظیموں سے وابستہ ہے اور گوری لنکیش کے طریقہ کار اور ان کے نظریہ سے ’بے حد ناراض‘ تھا۔ پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیٹی کمار عرف ہوتے مانجا کو بنگلورو کے میجیسٹک علاقہ میں بس ٹرمینلس سے گرفتار کیا گیا۔ مقامی عدالت نے اسے پولس کی خصوصی تفتیشی ٹیم یعنی ایس آئی ٹی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ ایس آئی ٹی گوری لنکیش کے قتل کی تفتیش کر رہی ہے۔
پولس ذرائع کے مطابق نوین کمار کے بنیاد پرست ہندو تنظیموں سے کافی نزدیکی تعلقات ہیں اور ہندو دیوی دیوتاؤں کی بے حرمتی کو لے کر وہ گوری لنکیش سے کافی ناراض بھی تھا۔ وہ مانڈیا ضلع کے مدّور کا رہنے والا ہے۔ مبینہ طور پر اس نے ہی قتل کے دیگر ملزمان ابھی اور انی کو گولی چلانے کی تربیت دی تھی۔ وہ غیر قانونی ہتھیار خریدنے اور بیچنے کے لئے اکثر ممبئی اور پونے جاتا رہتا تھا۔
اطلاعات کے مطابق نوین کمار نے کئی ملزمان اور مشتعل تنظیموں کو ہتھیار بیچے ہیں۔ پولس کو شبہ ہے کہ یا تو وہ سیدھے طور پر گوری لنکیش کے قتل میں شامل تھا یا پھر اس نے اہم قاتلوں کو ہتھیار دستیاب کرائے تھے۔ پولس کے مطابق گوری لنکیش کے گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج میں قاتلوں میں سے ایک نوین کمار کی طرح نظر آتا ہے۔
پولس نے ملزم کے قبضہ سے ایک پوائنٹ 32 بور کی رائفل اور 15 زندہ کارتوس برآمد کئے ہیں۔ اسے پوچھ گچھ کے لئے ایک نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔
واضح رہے، گوری لنکیش ایک جرأت مند صحافی تھیں اور کنڑ اخبار ’گوری لنکیش پتریکے‘ کی ایڈیٹر تھیں۔ 5 ستمبر 2017 کو بنگلورو میں ان کے گھر کے باہر دو حملہ آوروں نے ان کا گولی مارکرقتل کر دیا تھا۔
Published: 03 Mar 2018, 1:53 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Mar 2018, 1:53 AM IST