ہریانہ کی جیند، راجستھان کی رام گڑھ اور تمل ناڈو کی تروورور سیٹ پر ہو رہے ضمنی انتخابات کے لئے سخت حفاظتی بندوبست کے درمیان ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ہریانہ کے جیند میں کڑاکے کی سردی اور کئی حصوں میں دھند کی وجہ سے پولنگ مراکز پر کم تعداد میں ووٹر نظر آئے لیکن سورج چڑھنے اور موسم کھلنے پر اس میں تیزی آئی۔
ووٹنگ کے لئے 174 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 103 شہری اور 71 دیہی علاقے ہیں۔ 59 پولنگ مراکز حساس اور انتہائی حساس قرار دئے گئے ہیں۔ انتخاب آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کے لئے سخت حفاظت سمیت تمام بندوبست کئے گئے ہیں۔ پولنگ کے دوران ایک لاکھ 72 ہزار 775 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں 92208 مرد اور 80556 خواتین ووٹر شامل ہیں۔
جیند میں ہو رہے ضمنی انتخابات میں یوں تو 21 امیدوار میدان میں ہیں لیکن کانگریس کے رندیپ سرجے والا کی صورت حال سب سے مضبوط مانی جا رہی ہے۔ یہاں بی جے پی کی طرف سے کرشن لال میڑھا، آئی این ایل ڈی سے امید سنگھ اور آزادانہ طور پر دگوجے سنگھ چوٹالہ میدان میں ہیں۔
Published: undefined
راجستھان میں الور کی رام گڑھ اسمبلی سیٹ پر صبح آٹھ بجے سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہوگئی۔ پولنگ کے لئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور ڈھائی ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ حالانکہ شدید سردی کی وجہ سے صبح پولنگ سست رہی لیکن بعد میں ووٹروں کی قطاریں نظر آنے لگیں اور صبح دس بجے تک دس فیصد سے زائد ووٹروں نے ووٹ ڈالے۔
علاقے کے 2.35 لاکھ سے زائد ووٹر حکمراں کانگریس امیدوار صفیہ خان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سکھونت سنگھ اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے جگت سنگھ سمیت بیس امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سات دسمبر کو ہوئے پندرہویں اسمبلی انتخابات سے قبل رام گڑھ اسمبلی سیٹ سے بی ایس پی امیدوار لکشمن چودھری کا انتقال ہوجانے کی وجہ سے یہاں انتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے۔
تمل ناڈو کی تروورور سیٹ پر بھی پولنگ جاری ہے۔ ڈی ایم کے سربراہ ایم کروناندھی کے انتقال کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی ہے۔ سبھی سیٹوں کے لئے ووٹوں کی گنتی اکتیس جنوری کو ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز