جھارکھنڈ میں سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو کم کرنے کے لیے ہییمنت سورین حکومت نے ’گڈ سماریٹن‘ منصوبہ نافذ کیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت حادثے میں زخمی شخص کو اسپتال پہنچانے کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے مقصد سے دو ہزار روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے اس اسکیم کے لیے ضروری فنڈ کا بھی انتظام کر لیا ہے۔
Published: undefined
محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے اس منصوبہ کی ایس او پی (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر) جاری کر دی گئی ہے۔ گڈ سماریٹن (اچھا مددگار شخص) انھیں مانا جائے گا جو حادثہ میں زخمی شخص کو بغیر کسی خاص رشتہ، مالی فائدہ یا انعام کی امید کے بغیر اسپتال پہنچائے گا۔ صحت مراکز کے ڈاکٹرس ایسے لوگوں کی شناخت کریں گے۔ اگر ایک شخص کسی زخمی کو اسپتال پہنچاتا ہے تو اسے دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔
Published: undefined
اسپتال پہنچانے والے شخص کی تعداد 2 ہوئی تو دونوں کو 2-2 ہزار روپے اور دو شخص سے زیادہ ہونے پر اجتماعی طور پر پانچ ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔ انعام کا فنڈ سبھی اضلاع کے ضلع ٹرانسپورٹ افسران کے پاس رہے گا۔ ضلع میں ہر کمیونٹی سنٹر کو 25 ہزار روپے اس مد میں دیے جائیں گے۔ ایسا معاملہ سامنے آنے پر ڈی ٹی او بلاتاخیر یہ رقم متعلقہ صحت مرکز کو مہیا کرائیں گے۔
Published: undefined
حکومت نے بھروسہ دلایا ہے کہ گڈ سماریٹن کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اگر کسی معاملے میں زخمی شخص کو اسپتال پہنچانے والے گڈ سماریٹن کو کورٹ میں گواہی وغیرہ کے لیے بلانے کی ضرورت ہوئی تو انھیں ہر بار آنے جانے کے لیے ایک ہزار روپے دیے جائیں گے۔ حکومت کی طرف سے جاری ایس او پی میں بتایا گیا ہے کہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے انچارج میڈیکل افسر گڈ سماریٹن سے متعلق رپورٹ ہر مہینے کی 5 تاریخ کو دستیاب کرائیں گے اور اس کے بعد ہر ماہ کی 7 تاریخ کو سبھی ڈی ٹی او اپنے علاقے کی رپورٹ تیار کر سڑک سیکورٹی محکمہ کو بھیجیں گے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ جھارکھنڈ میں سڑک حادثوں میں ہر سال تین سے چار ہزار لوگوں کی موت ہو جاتی ہے، جب کہ تقریباً اتنے ہی لوگوں کے زخمی ہونے کی رپورٹ درج ہوتی ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے حال میں جاری اعداد و شمار کے مطابق جھارکھنڈ میں 2021 میں ہوئے 4728 سڑک حادثوں میں 3513 لوگوں کی موت ہوئی، جب کہ 3227 لوگ زخمی ہوئے۔ حادثے میں زخمی لوگوں کو ’گولڈن آور‘ یعنی تقریباً ایک گھنٹے کے اندر اسپتال پہنچانے سے ان کی جان بچانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز