قومی خبریں

بجبہاڑہ میں تصادم آرائی، ’حزب المجاہدین‘ سے وابستہ دو ملی ٹینٹ ہلاک

مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت صفدر امین بٹ ولد محمد امین بٹ ساکن زرپارہ بجبہاڑہ اوربرہان احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن مالی پورہ کولگام حال اننت ناگ کے بطور ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے باگندر محلہ بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ہونے والے ایک شبانہ تصادم میں ’حزب المجاہدین‘ سے وابستہ دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت صفدر امین بٹ ولد محمد امین بٹ ساکن زرپارہ بجبہاڑہ اوربرہان احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن مالی پورہ کولگام حال اننت ناگ کے بطور ہوئی۔

Published: undefined

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فورسز نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا 'تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوئوں نے فورسز اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ فوج کی جوابی فائرنگ میں دو مقامی جنگجو مارے گئے'۔ دریں اثنا دو مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف بدھ کے روز اننت ناگ اور بجبہاڑہ قصبوں میں مکمل تعزیتی ہڑتال رہی۔ عینی شاہدین کے مطابق مہلوک جنگجوؤں کے نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

Published: undefined

موصولہ اطلاعات کے مطابق جہاں حکام نے ضلع اننت ناگ میں بنا بر احتیاط انٹرنیٹ سروس معطل رکھی ہے اورحساس علاقو ں میں کسی بھی احتجاجی لہر کی روک تھام کے لئے بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے وہیں ہڑتال کے باعث اننت اور بجبہاڑہ کے بازاروں میں ہوکا عالم طاری رہا۔ تمام دکان مقفل اور تجارتی سرگرمیاں مفلوج رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔

Published: undefined

دریں اثنا ریاستی پولس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے باگندر محلہ بجبہاڑہ گاﺅں میں جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی علی الصبح اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا تو اسی دوران خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجوئوں نے اندھا دھند گولیاں برساکر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ بیان میں کہا گیا 'کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے جائے جھڑپ پر اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا'۔

Published: undefined

بیان میں کہا گیا کہ جھڑپ میں مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت صفدر امین ساکنہ بجبہاڑہ اور برہان احمد گنائی عرف سیف ﷲ ساکنہ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔ پولس ریکارڈ کے مطابق مہلوک جنگجو کالعدم تنظیم حزب کے ساتھ وابستہ تھے اور وہ سیکورتی فورسز پر حملوں، عام شہریوں کو تشدد کانشانہ بنانے کی کارروائیوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو انتہائی مطلوب تھے۔ بیان میں کہا گیا 'صفدر امین نامی جنگجو کے خلا ف جرائم کی ایک لمبی فہرست موجود ہے اوراُس کے خلاف متعدد ایف آئی آر بھی درج ہیں۔ مذکورہ جنگجو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلے میں بھی ملوث رہ چکا ہے۔ اسی طرح برہان گنائی نامی مہلوک جنگجو بھی کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا'۔

Published: undefined

پولس نے عام شہریوں سے جائے جھڑپ کی جانب پیش قدمی کرنے سے مکمل طور پر گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ بیان میں کہا گیا 'ممکن ہے کہ جائے جھڑپ کے ارد گرد طرفین کی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی بارودی شل یا مواد پھٹنے سے رہ گیا ہو لہٰذا عام شہریوں کی ہلاکتوں سے بچنے کے لیے جب تک نہ جائے جھڑپ کو بارودی مواد سے پاک و صاف کیا جائےگا تب تک عام لوگ یہاں آنے سے اجتناب کریں۔ لوگوں سے التجا کی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی عملے کو اپنا کام بہ احسن خوبی انجام دینے میں بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکیں'۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined