سری نگر: اونتی پورہ کے جواں سال اسکول پرنسپل کی حراستی ہلاکت کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے ہڑتال کال کے باعث بدھ کے روز وادی کشمیر کے اطراف واکناف میں معمولات زندگی درہم وبرہم ہوکر رہ گئے۔ دریں اثنا وادی میں ہڑتال کے پیش نظر بدھ کے روز ریل سروس بھی معطل رہی اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس ایند ٹیکنالوجی نے بھی تمام سمسٹر امتحانات ملتوی کیے اور درس وتدریس کا عمل معطل رکھا۔
ایک سینئر ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ صوبائی انتظامیہ اور پولس کی طرف سے موصولہ ہدایات کےتحت کشمیر میں ریل سروس بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔ ادھر اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ نے بدھ کے روز بھی لئے جانے والے تمام سمسٹر امتحانات کو ملتوی کیا۔ یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق اونتی پورہ کے جواں سال اسکول پرنسپل رضوان احمد پنڈت کی حراستی ہلاکت کے خلاف شہر سری نگر میں مکمل ہڑتال رہی۔
سیول لائنز کے علاقوں بشمول تجارتی مرکز لال چوک، ککر بازار، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، بڈشاہ چوک، مائسمہ، گاؤکدل، ریگل چوک، پولو ویو، ڈل گیٹ، بتہ مالو وغیرہ میں تمام دکانیں بند، تجارتی سرگرمیاں مفلوج اور سرکاری دفاتر اور بنکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔
Published: undefined
شہر خاص کے تمام علاقوں میں بھی بدھ کے روز لگاتار دوسرے دن بھی ہڑتال کی وجہ سے دکانیں بند اور دیگر جملہ تجارتی سرگرمیاں معطل رہی، سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل متاثر رہی، تعلیمی ادارے بند رہے اور سرکاری دفاتر اور بنکوں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہا۔
واضح رہے کہ شہر خاص میں منگل کے روز اونتی پورہ کے نوجوان پرنسپل کی حراستی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی آناً فاناً میں ہڑتال ہوئی تھی۔ نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے دروازے مقفل رہے اور جامع مسجد کے باہر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رہی تاکہ کسی بھی امکانی احتجاجی مظاہرے کو ناکام بنایا جاسکے۔
نوجوان پرنسپل کی حراستی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ چاروں اضلاع کے بازاروں میں ہوکا عالم چھایا رہا سڑکیں سنسان، دکانیں بند اور تجارتی مرکز مقفل رہے۔ علاوہ ازیں تعلیمی ادارے بند اور سرکاری دفاتر میں بھی ملازمین کی حاضری آٹے میں نمک کے برابر رہنے سے کام کاج متاثر رہا۔
مہلوک نوجوان کے آبائی علاقے اونتی پورہ میں بدھ کے روز لگاتار دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال رہی۔ حساس علاقوں میں امکانی احتجاجی مظاہروں کی روک تھام کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رہی۔ ضلع پلوامہ میں دوسرے دن بھی انٹرنیٹ سہولیات بند رہیں۔ ادھر وسطی کشمیر کے سری نگر اور بڈگام اضلاع میں تیز رفتار والی فور جی خدمات معطل رہیں۔ شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع میں مکمل ہڑتال رہنے کی اطلاعات ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز