قومی خبریں

شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں مسلح تصادم، 3 ملی ٹینٹ ہلاک

ڈی آئی جی نے کہا ’ملی ٹینٹوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ لیکن انہوں نے خود سپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کو مسترد کیا اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا انکاؤنٹر کا ایک منظر

سرینگر: شمالی کشمیر کےضلع بارہمولہ میں بدھ کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا جس میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع بارہمولہ میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔

شمالی کشمیر کے ڈی آئی جی پولس اتل کمار گوئل نے مسلح تصادم میں تین ملی ٹینٹوں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’ہمیں خبر ملی ہے کہ بارہمولہ میں کچھ ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔ اس خبر کی بناء پر وہاں سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں کی طرف سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی۔ جوابی کاروائی میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے‘۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں نے خودسپردگی کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ ان کا کہنا تھا 'ملی ٹینٹوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ لیکن انہوں نے خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کو مسترد کیا اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا'۔

یو این آئی کو پولس ذرائع سے معلوم ہوا کہ بدھ کی دوپہر کو فوج کی 46 آر آر، جموں کشمیر پولس کی ایس او جی اور سی آر پی ایف کی 53 بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ضلع بارہمولہ کے بنر گاؤں کا محاصرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز تلاشی کاروائی کے دوران جوں ہی مشکوک مقام تک پہنچ گئے تو وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فوج پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتجے میں طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

Published: undefined

دریں اثنا ریاستی پولس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بارہمولہ کے بنر علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولس نے جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو وہاں موجود ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا 'جھڑپ کی جگہ تینوں ملی ٹینٹوں کی نعشیں برآمد کی گئیں جن کی شناخت کے لئے کارروائی جاری ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ تصادم کی جگہ سیکورٹی فورسز نے اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا'۔

پولس بیان میں مزید کہا گیا 'لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کا رخ نہ کریں کیونکہ اس علاقے کو پہلے ہی ممنوعہ قرار دیا جا چکا ہوتا ہے۔ تصاد م کی جگہ پر جانا کسی خطرے سے خالی نہیں ہوتا کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ لوگوں سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ پولس کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں اور جب تک جھڑپ کی جگہ کو صاف کرکے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک تصادم کی جگہ جانے سے اجتناب کیا جائے'۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined