سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز پارٹی لیڈر سریندر چودھری کو نائب وزیر اعلیٰ منتخب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا جموں خطے کے لوگوں کو آواز دینے کے لئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا سب کو ساتھ لے کر چلنا ہماری کوشش ہوگی۔ دریں اثنا، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کو کانٹوں کا تاج قرار دیا۔
Published: undefined
خیال رہے کہ سریندر چودھری سمیت سکینہ یتو، جاوید ڈار، جاوید رانا اور ستیش شرما نے بدھ کے روز حلف لیا۔ شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سیٹر میں حلف لینے کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا، ’’ابھی تین ویکنسیز ہیں ان کو بھی آہستہ آہستہ پورا کیا جائے گا۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’سریندر چودھری کو اس لئے نائب وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا تاکہ جموں خطے کے لوگ اپنے آپ کو حکومت سے الگ محسوس نہ کر سکیں۔‘‘ سریندر چودھری نے نوشہرہ سیٹ پر بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کو قریب آٹھ ہزار ووٹوں سے ہرا دیا تھا۔
Published: undefined
ان کا کہنا تھا، ’’ہم نے کہا تھا کہ ہم جموں خطے کو یہ محسوس نہیں ہونے دیں گے کہ ان کی حکومت میں کوئی نمائندگی نہیں ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’میں نے جموں خطے کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا تاکہ جموں خطے کے لوگ یہ محسوس کر سکیں کہ یہ حکومت اتنی ان کی بھی ہے جتنی باقی لوگوں کی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سال 2014 کے اسمبلی انتخابات میں رویندر رینہ نے سریندر چودھری کو ہرا دیا تھا۔ سریندر چودھری نے سال 2022 میں پی ڈی پی سے کنارہ کشی کر کے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور ایک سال قبل بی جے پی سے بھی ناطہ توڑ کر سال گذشتہ ماہ جولائی میں نیشنل کانفرنس میں شامل ہوئے تھے۔
Published: undefined
شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر میں اپنے فرزند عمر عبداللہ کی بطور وزیر اعلیٰ تاج پوشی کے بعد نامہ نگاروں بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ کانٹوں کا تاج ہے خدا انہیں (عمر عبداللہ کو) لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے میں مدد فرمائے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ ریاست چیلنجوں سے بھری ہوئی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ نئی حکومت ان وعدوں کو پورا کرے گی جو اس نے انتخابی منشور میں لوگوں سے کئے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا، ’’یہ کانٹوں کا تاج ہے، خدا ان (عمر عبداللہ) کو کامیاب کرے تاکہ وہ لوگوں کی امیدوں کو پورا کر سکیں یہی میرا پیغام ہے۔‘‘
اس موقع پر عمر عبداللہ کے فرزند ظاہر عبداللہ نے کہا، ’’ریاستی درجے کی بحالی کے بعد ہم دفعہ 370 کی بحالی کے لئے جد و جہد شروع کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’دفعہ370 کی بحالی ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی۔‘‘
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined