نئی دہلی: رانچی میں توہین رسالت کے خلاف ہوئے مظاہرے پر پولیس بربریت میں شہید ہونے والے ہند پیڑھی کے محمد مدثر اور گدڑی چوک کے محمد ساحل کے اہل خانہ انتہائی غم و صدمے میں ہیں۔ گزشتہ ہفتے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں جمعیۃ کے ایک وفد نے ان دونوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ یہ دونوں خاندان کافی غریب ہیں۔ اس درمیان مختلف ویڈیوز کے ذریعہ 16 سالہ محمد مدثر کی والدہ کے دل سوز بیانات نے پورے ملک کو متاثر کیا ہے۔ مدثر ان کا تنہا لڑکا تھا۔
Published: undefined
ان حالات میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے جہاں ایک طرف جھارکھنڈ کے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا ہے کہ مظاہرے پر گولی چلانے والوں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، نیز متوفی کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ دیا جائے۔ وہیں دوسری طرف مولانا مدنی نے انسانی ہمدردی کے مدنظر جمعیۃ کی طرف سے اہل خانہ کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چنانچہ ان کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے دفتر سے ان دونوں شہیدوں کے اہل خانہ کو مبلغ دو لاکھ روپے بذریعہ اکاؤنٹ ٹرانسفر کر دیے گئے۔
Published: undefined
ساتھ ہی صدر جمعیۃ علماء ہند نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعلی نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے، وہ منصفانہ طور سے انکوائری کر کے جلد رپورٹ داخل کرے گی تاکہ خاطیوں کو سزا دی جا سکے۔ اس کے علاوہ صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ مولانا اسرارا لحق مظاہری، ناظم اعلیٰ مولانا ڈاکٹر اصغر مصباحی، مولانا محمد قاسمی مہتمم مدرسہ حسینیہ کڈرو رانچی، مفتی قمرعالم، قاری اسجد، اقبال امام، تنویر احمد، شاہ عمیر وغیرہ وہاں کے حالات کا مسلسل ادراک کر رہے ہیں اور اس کے مطابق ضرورت مندوں کو قانونی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز