ملک بھر کی نوکرشاہی میں بڑھتی مسلمانوں کی تعداد سے پریشان رائٹ وِنگ نیوز چینل 'سدرشن' کے خلاف دہلی کا جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) مقدمہ درج کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک میٹنگ طلب کی ہے۔ یونیورسٹی نے 'سدرشن چینل' کے ایک پروگرام میں 'جامعہ کے جہادی' نام کے پرومو پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ پروگرام میں اس چینل نے بتایا کہ یو پی ایس سی امتحانات میں مسلمانوں کی بڑھتی تعداد سے نوکرشاہی میں مسلمانوں کی گرفت مضبوط ہوئی ہے۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر نجمہ اختر نے اس پروگرام کے تعلق سے کہا کہ "ہم نے اس بارے میں ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں اس چینل کے خلاف اشتعال انگیز مواد نشر کیے جانے سے متعلق ضروری قدم اٹھائے جانے کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔" انھوں نے مزید کہا کہ یو پی ایس سی امتحان پاس کرنے والے جامعہ کی ریزیڈنشیل اکیڈمی کے ہر طالب علم کو اس چینل کے اشتعال انگیز اور نفرت انگیز پروگرام کے خلاف ایف آئی آر درج کرانی چاہیے۔ نجمہ اختر کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگوں کو شاید نہیں معلوم ہے کہ جامعہ کی ریزیڈنشیل اکیڈمی سے اس سال یو پی ایس سی امتحان پاس کرنے والے 30 طلبا میں سے تقریباً 50 فیصد طلبا غیر مسلم ہیں۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
واضح رہے کہ سدرشن نیوز چینل نے اپنے ایک پرومو میں نوکرشاہی میں مسلمانوں کی انٹری پر سوال اٹھائے ہیں۔ اس پروگرام کو اس کے ایڈیٹر اِن چیف سریش چوہانکے پیش کر رہے ہیں۔ چوہانکے نے اس پروگرام کا پرومو خود بھی ٹوئٹ کیا ہے اور اس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کو ٹیگ کیا ہے۔ پرومو میں مسلمانوں کو نوکرشاہی میں درانداز بتایا گیا ہے، ساتھ ہی بڑی تعداد میں مسلم طلبا کو یو پی ایس سی امتحان پاس کرنے پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جامعہ کے طلبا کو 'جامعہ کے جہادی' نام دیتے ہوئے 'یو پی ایس سی جہاد' ہیش ٹیگ لگایا گیا ہے۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
سریش چوہانکے کے اس ٹوئٹ کی ٹوئٹر یوزرس سخت مذمت کر رہے ہیں اور بہت سے لوگوں نے سریش کا اکاؤنٹ سسپنڈ کر کے ایف آئی آر درج کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
غور طلب ہے کہ جامعہ کی ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی کے 30 طلبا نے اس سال کا یو پی ایس سی امتحان کلیئر کیا ہے۔ جامعہ کی اکیڈمی یو پی ایس سی کے خواہش مند طلبا کو مفت کوچنگ دیتی ہے۔ اس کوچنگ میں اقلیتی، درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کو ہی کوچنگ دی جاتی ہے۔ طالبات کو بھی کوچنگ کی سہولت دی جاتی ہے اور انھیں مفت میں ہاسٹل کی سہولت بھی مہیا کرائی جاتی ہے۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
یہاں قابل ذکر ہے کہ جامعہ یونیورسٹی نے اس سال مرکزی یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ اس رینکنگ کو مودی حکومت کی وزارت تعلیم نے جاری کیا ہے۔ جامعہ نے اس رینکنگ میں جے این یو اور اے ایم یو دونوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مجموعی طور پر 40 یونیورسٹیوں میں اول مقام حاصل کیا ہے۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Aug 2020, 10:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز