قومی خبریں

بہار: انسانیت شرمسار، جی آر پی نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش ٹھیلے پر بھیجی 

آر جے ڈی نے اس معاملے کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے معاملوں سے حکومت کی لاپروائی کا اندازہ ہوتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا ٹھیلے پر رکھی ہوئی لاش جس کو پوسٹ مارٹم کے لیے پی ایم سی ایچ لے جایا جا رہا ہے

راجدھانی پٹنہ میں تمام سہولیات کے باوجود پٹنہ جی آر پی کا غیر انسانی چہرہ ایک بار پھر سامنے آ گیا ہے۔ تازہ معاملہ گاندھی میدان کے پاس دیکھنے کو ملا جہاں ایک لاش کو جانوروں کی طرح ٹھیلے پر لاد کر پوسٹ مارٹم کے لیے پی ایم سی ایچ بھیجا جا رہا تھا۔ جب اس ٹھیلے پر لدی لاش کو میڈیا کے کچھ لوگوں نے دیکھا تو اس سلسلے میں ٹھیلے والے سے جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ وہاں موجود لوگ یہ سن کر حیران ہو گئے کہ پٹنہ جی آر پی نے ٹھیلے والے سے کہا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے لیے لاش پی ایم سی ایچ پہنچا دو۔ اس سے متعلق ایک ویڈیو ’قومی آواز‘ کو حاصل ہوا ہے جس میں ٹھیلے والا کہہ رہا ہے کہ ’’جی آر پی کے لوگوں نے کہا کہ وہ پی ایم سی ایچ جا رہے ہیں تم لاش لے کر وہیں پہنچو۔‘‘ ٹھیلے والے نے یہ بھی بتایا کہ لاش سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے، وہ تو صرف پٹنہ جی آر پی کے حکم کی تعمیل کر رہا ہے۔

Published: 20 Jan 2018, 6:26 AM IST

اس سلسلے میں جب ’قومی آواز‘ نےضلع پولس سپرنٹنڈنٹ ایم اے ہاشمی سے رابطہ قائم کیا تو انھوں نے پہلے ہی کچھ بھی کہنے سے منع کر دیا لیکن جب انھیں بتایا گیا کہ ٹھیلے والے نے میڈیا کے سامنے بیان دیا ہے تو انھوں نے تفتیش کرانے کی بات کہی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں ریل پولس سپرنٹنڈنٹ سے شکایت کی جانی چاہیے۔ ریل پولس سپرنٹنڈنٹ جتندر مشرا سے جب سوال کیا گیا تو انھوں نے یہ کہہ کر معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی کہ حالات ایسے تھے جس کے سبب ٹھیلہ پر لاش بھیجنا پڑا۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا اس طرح ٹھیلے پر لاش بھیجنا غیر انسانی نہیں ہے اور ایمبولنس کا استعمال کیوں نہیں کیا گیا؟ تو وہ کہتے ہیں کہ ’’معاملے کی جانچ کی جائے گی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جی آر پی کے پاس اپنا ایمبولنس تو ہوتا نہیں ہے اور وہ اس کے لیے ریل ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کرتا ہے۔ لہٰذا یہ جانچ کا موضوع ہے کہ ایمبولنس کیوں نہیں ملا اور کن حالات میں لاش کو ٹھیلے پر بھیجا گیا۔‘‘ جتندر مشرا نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’اس معاملے میں یقیناً قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘

لاش کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیے جانے کی خبر جب سیاسی گلیاروں میں پہنچی تو ریاست کی اپوزیشن پارٹی نے سخت تنقید کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بہار اسمبلی میں راشٹریہ جنتا دل کے ترجمان اور ممبر اسمبلی شکتی سنگھ یادو نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس طرح کے معاملوں سے حکومت کی بے حسی کا اندازہ ہوتا ہے۔ آر جے ڈی قصوروار کو ایسی سزا دینے کا مطالبہ کرتی ہے جو دوسروں کے لیے سبق ہو۔‘‘ ریاست میں برسراقتدار پارٹی جنتا دل یو کے ترجمان نیرج کمار کو جب اس معاملے کی خبر دی گئی تو انھوں نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا عمل قرار دیا لیکن ہنوز کسی طرح کی کارروائی دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔ نیرج کمار کا تو کہنا ہے کہ اس طرح کا معاملہ انسانیت کو شرمسار کر دینے والا ہے کیونکہ پٹنہ جیسے شہر جہاں تمام طرح کی سہولیات دستیاب ہیں وہاں جی آر پی کے ذریعہ ٹھیلے سے لاش پی ایم سی ایچ بھیجنا ایک بڑی لاپروائی ہے۔ انھوں نے ’قومی آواز‘ سے بات چیت میں یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت اس پورے معاملے کو سنجیدگی سے لے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اس معاملے میں ریل پولس سپرنٹنڈنٹ سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ بلاتاخیر قصوروار کے خلاف ضروری کارروائی کی جا سکے۔‘‘

Published: 20 Jan 2018, 6:26 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 20 Jan 2018, 6:26 AM IST