نئی دہلی: لداخ میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اورچین کی افواج کے مابین ایک ماہ سے جاری تنازع کو ختم کرنے کے لئے ہفتہ کے روز دونوں ممالک کے فوجی کور کمانڈروں کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں دونوں فریقوں نے اس قضیہ پر دو طرفہ پرامن سمجھوتوں کی روشنی میں تبادلہ خیال کیا اور قضیہ کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔ وزارت خارجہ نے اتوار کو باضابطہ جانکاری دیتے ہوئے اس بات کا اشارہ دیا کہ معاملہ کے حل کا فارمولہ ابھی تک تیار نہیں کیا گیا ہے اور اس کے لئے سفارتی اور فوجی سطح پر دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت جاری رہے گی۔
Published: undefined
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان اور چین نے حالیہ ہفتوں میں سرحدی خطے کی صورتحال کے حل کے لئے سفارتی اور فوجی چینلز کے ذریعے بات چیت کے سلسلہ کو برقرار رکھا ہے۔ ہفتہ کے روز لیہہ میں آرمی کور کمانڈر اور چینی فوجی کمانڈر کے مابین ایک میٹنگ خوشگوار اور مثبت ماحول میں ’چشول مولڈو‘ کے علاقے میں ہوئی۔ دونوں فریقوں نےاس بات پر رضامندی کا اظہار کیا کہ سرحد پر صورتحال کو باہمی سمجھوتوں اور دونوں ممالک کی قیادت کے مابین سمجھوتے کی بنیاد پر پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، جس میں مانا گیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام ہندوستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مجموعی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔
Published: undefined
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں فریق نے تسلیم کیا ہے کہ یہ ہندوستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کا سال ہے، لہذا اس تعطل کو جلد از جلد حل کرنے سے ہمارے تعلقات کو آگے لے جانے میں معاون ثابت ہو گا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اسی جذبے کے مطابق دونوں فریق فوجی اور سفارتی سطح پر اس صورتحال کو حل کرنے اور سرحد پر امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے فوجی اور سفارتی سطح پر رابطے برقرار رکھیں گے۔
Published: undefined
لیہہ میں 14 ویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہرندرسنگھ کی سربراہی میں تقریباً 10 فوجی افسران کے ساتھ شامل تھے۔ چینی وفد کی قیادت چین کی جانب سے ساؤتھ سنکیانگ ملٹری ڈویژن کور کے کمانڈرمیجر جنرل لیو لن نے کی۔ یہ میٹنگ دونوں فریقوں کے مابین ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوئی اور شام دیر تک جاری رہی۔ اس کے بعد ہندوستانی وفد رات میں لیہ واپس آیا اور حکومت کی اعلی قیادت کو اس گفتگو سے آگاہ کیا۔
Published: undefined
دونوں ممالک کے سینئر فوجی افسران کی میٹنگ ایک روز قبل جمعہ کو ہندوستان اور چین کی وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری سطح کی بات چیت میں دونوں جانب سے حالات کو معمول پر لانے کے لئے مثبت اشارے ملے تھے۔ وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری (مشرقی ایشیاء) نوین شریواستو اور چینی وزارت خارجہ کے ڈائرکٹر جنرل وو چیانگاؤ کے مابین ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان پرامن، مستحکم اور متوازن تعلقات موجودہ عالمی حالات میں استحکام کے لئے اہم ہیں۔
Published: undefined
گزشتہ منگل کو آرمی کے تیسرے ڈویژن کے چیف جو ایک میجر جنرل رینک کے افسر ہیں نے اپنے چینی ہم منصب سے اس معاملے پر بات کی لیکن بات چیت بے نتیجہ رہی تھی۔ اس کے بعد جمعہ کو ایک اعلی سطحی میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں فریق کے مابین مختلف سطح کے افسران کے درمیان آٹھ میٹنگیں ہوچکی ہیں۔ دونوں فوجوں کے مابین بنیادی طور پر لائن آف کنٹرول کے ساتھ تین مقامات پر تعطل ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے دونوں فریق نے وہاں خاصی تعداد میں فوجیوں کو جمع کر دیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز