قومی خبریں

منی پور جیسے واقعات ملک کے لئے باعث ہزیمت: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرستی کا قلع قمع کرنے کے لئے صحیح سوچ رکھنے والوں میں اتحاد و اتفاق لازمی ہے اور اس لئے ہمیں ذاتی مفادات کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔

فاروق عبداللہ، تصویر یو این آئی
فاروق عبداللہ، تصویر یو این آئی 

سری نگر: ایک جمہوری ملک میں فرقہ پرستی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوتی ہے لیکن ملک میں فرقہ پرستی کا جو رجحان اس وقت جاری ہے وہ انتہائی تشویشناک اور افسوسناک ہے اور فرقہ پرستی کے نام پر منی پوری جیسے پیش آرہے واقعات پوری دنیا میں ملک کے لئے باعث ہزیمت بن رہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہارنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج لال بازار سری نگر میں ایک تقریب کے دوران وہاں موجودہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرستی کا قلع قمع کرنے کے لئے صحیح سوچ رکھنے والوں میں اتحاد و اتفاق لازمی ہے اور اس لئے ہمیں ذاتی مفادات کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔

Published: undefined

ملک کی سالمیت اور آزادی کے لئے سب کا ایک جٹ ہونا ضروری ہے تاکہ ایسے عناصر کے منصوبوں اور بدترین عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے جو یہاں کے بھائی چارے کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور اقلیتوں کو روندھنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اتحاد و اتفاق قوم کی بڑی فتح و نصرت سے تعبیر کی جاتی ہے جبکہ نااتفاقی ناکامی، تباہی اور بربادی کی نشاندہی ہوتی ہے، ہماری ریاست کو بھی گزشتہ 4 پانچ برسوں سے سخت ترین چیلنجوں کا سامنا ہے اور یہاں بھی لوگوں کو آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر جموں وکشمیر کے مفادات کو ترجیح دینی چاہئے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق آئے روز سلب کئے جا رہے ہیں، ناانصافی کا دور دورہ ہے، یہاں کے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرنے کے لئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پورے عزم ، حوصلے اور صبر و استقلال سے ہی ان چیلنجوں اور آزمائشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ موجودہ سخت ترین چیلنجوں میں بھی اُسی حوصلے، جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے، میں تینوں خطوں کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اتحاق و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر مل کر مقابلہ کریں اِسی صورت میں ہم کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج بھی جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے اپنے ذاتی مفادات اور نظریات کو بالائے طاق رکھ کر مل جھل کر جدوجہد نہیں کی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست نے کہا کہ ہر ایک ذی حس شہری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے میں اپنا رول نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تماشائی بن کر اور صرف زبانی جمع خرچ سے منشیات کی بدعت کا خاتمہ نہیں ہوسکتا، اس کے لئے عملی طور پر میدان میں اُترنا ہے اور شروعات اپنی گھر سے کرنی ہوگی۔

Published: undefined

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان منشیات کی لت میں اتنے گر گئے ہیں کہ اب وہ قتل کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے اور بعض واقعات میں اپنے والدین کو بھی بخشا نہیں گیا ہے۔ میرواعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق کی مسلسل خانہ نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ایک مذہبی رہنما کو بلاجوز 4 سال سے خانہ نظربند رکھنا کہاں کی مذہبی آزادی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ میرواعظ صاحب کی فوری رہائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی مذہبی ذمہ داریاں خوش اسلوبی اور حسب قدیم جاری رکھ سکیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined