نئی دہلی: شاہین باغ کی خواتین نے کچھ نیا کرنے کے عزم کے ساتھ خواتین پر مبنی ایک تنظیم ’اتولیہ شاہین باغ‘ قائم کی ہے جس کا مقصد مذہب اور ذات پات سے اوپر اٹھ کر دو سو غریب بچوں کو کھانا فراہم کرنے کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانا، ان کو ہنر سکھانا اور بچوں کو تعلیم دینے کے لئے کوچنگ سنٹر کا قیام ہے۔ یہ بات انہوں نے شاہین باغ رسوئی کے افتتاح کے موقع پر کہی ہے۔
Published: undefined
فی الحال اس گروپ میں 35 خواتین شامل ہیں اور اس میں مزید خواتین کو شامل کیا جائے گا اور اسے بڑا گروپ بنایا جائے گا جس کے ذریعہ سماجی خدمات کو انجام دیا جاسکے۔ فی الحال شاہین باغ رسوئی کی شروعات کی گئی ہے جس میں خواتین نے اپنے گھروں سے کھانا بناکر لائی تھیں اور اس کے ذریعہ کھانا بنانے کے ہنر کو متعارف کرانا ہے تاکہ شاہین باغ رسوئی کے توسط سے کاروباری شکل دی جاسکے۔
Published: undefined
اس گروپ سے وابستہ امینہ شیروانی نے کہا کہ مسلم خواتین کے بارے میں یہ بات کہی جاتی ہے کہ وہ گھروں سے نہیں نکلتیں یا وہ کچھ نہیں کرسکتیں۔ اس تصور کو توڑنے کے لئے ہم لوگوں نے اس گروپ کی تشکیل کرکے سماجی کاموں اور خدمت خلق کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس گروپ کے ذریعہ ہم دو سو غریب بچوں کو مقوی اور صحت مند کھانا فراہم کریں گے اور اس کے لئے سروے کرکے غریب بچوں کی نشان دہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہمارا مقصد خواتین کو بااختیار اور خود کفیل بھی بنانا ہے تاکہ خواتین اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔ اس کے لئے سلائی کڑھائی سنٹر کے علاوہ دوسرے ہنر بھی سکھائے جائیں گے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بچوں کی تعلیم کے لئے کوچنگ سنٹر بھی چلائے جائیں گے جس میں بچوں کو تمام موضوعات پڑھائے جائیں گے اور خاص طور پر غریب بچوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہنرکی ٹریننگ کے ذریعہ خواتین کو روزگار سے جوڑنا ہے تاکہ وہ خود انحصار اور خود کفیل بن سکیں۔
Published: undefined
اس گروپ کی اہم رکن شبینہ خاں نے بتایا کہ اس گروپ کے ذریعہ مسلم خواتین میں تبدیلی لائی جائے گی اور ان کی سوچ بھی بدلی جائے گی تاکہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مسلم بچیاں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں اور ان کے پاس وسائل نہیں ہیں یا دیگر پریشانیاں ہیں۔ اس پر ہماری توجہ خاص طور پر رہے گی۔ اس کے ذریعہ خواتین کے مسائل پر توجہ دی جائے گی اور مشاورت کے ذریعہ ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے پوری منصوبہ بندی کی ہے کہ شاہین باغ رسوئی کی آمدنی اور اہل خیر کی مدد سے ہم اپنے منصوبے کو پورا کریں گے۔ اس میں صحافی روچیرا گپتا اور تنظیم امپار ہماری مدد کر رہی ہیں۔
Published: undefined
اتولیہ شاہین باغ کی رکن کنیز فاطمہ نے کوچنگ سنٹر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ ہمارے ماتحت دو سو کوچنگ سنٹر چل رہے ہیں اور یہاں بھی کوچنگ سنٹر چلائیں گے تاکہ بچوں کے ڈراپ آؤٹ پر قابو پایا جاسکے۔ اس میں ماہرین کی مدد لی جائے گی اور ہر اس شخص کو جوڑا جائے گا جس سے مدد مل سکے۔
Published: undefined
اتولیہ شاہین باغ کے شاہین باغ رسوئی کے افتتاح کے موقع پر گروپ سے وابستہ رفعت، شہلا، تہمینہ، نصرت آراء اور امپار کی نمائندہ خواتین موجود تھیں۔ یہ تمام خواتین سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جاری رہنے والے شاہین باغ احتجاج میں شامل تھیں اور اب ان لوگوں نے سماجی اصلاحات کے ساتھ خواتین کو خود کفیل بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز