قومی خبریں

بہار اسمبلی میں اسپیکر وجے سنہا اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار میں خوب ہوئی ’تو تو، میں میں‘

اسمبلی اسپیکر وجے سنہا بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ اسمبلی میں نتیش کمار کی نوک جھونک کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

بہار ودھان سبھا
بہار ودھان سبھا تصویر ویڈیو

بہار اسمبلی میں اسپیکر وجے سنہا اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے درمیان پیر کے روز خوب تو تو، میں میں ہوئی۔ معاملہ سرسوتی پوجا کے دوران لکھی سرائے ضلع میں وہاں کی مقامی پولیس اور وجے سنہا کے درمیان ہوئے تنازعہ سے جڑا تھا جو کافی دنوں سے چلا آ رہا تھا۔ پیر کے روز جب ایک بار پھر اس معاملے نے طول پکڑا تو وزیر اعلیٰ نتیش کمار اسمبلی اسپیکر پر ہی ناراض ہو گئے اور تلخ انداز میں کہا کہ ’’آپ آئین کے اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ اسمبلی اسپیکر وجے سنہا بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ اسمبلی میں نتیش کمار کی نوک جھونک کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لکھی سرائے میں کورونا گائیڈ لائنس کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کے معاملے میں سرسوتی پوجا کے دوران مقامی پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی یہ معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اس معاملے نے سیاسی رنگ اختیار کر لیا ہے اور جب پیر کے روز یہ معاملہ پھر اٹھا تو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس میں مداخلت کرتے ہوئے اسمبلی میں اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

Published: undefined

نتیش کمار نے اس معاملے میں اسپیکر وجے سنہا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہم بیٹھ کر پورے معاملے کو سن رہے تھے، جب وزیر بتا رہے ہیں کہ معاملے کی پوری جانچ ہو رہی ہے تو یہ ایوان کا موضوع نہیں ہے، معاملہ عدالت کا ہے۔ ایوان میں آپ کو جانکاری دی جا سکتی ہے، لیکن آپ مداخلت نہیں کر سکتے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے اسپیکر کو آئین ایک بار پھر دیکھنے کی نصیحت بھی دے دی۔ ساتھ ہی کہا کہ ’’ہم نہ ہی کسی کو پھنساتے ہیں اور نہ ہی بچاتے ہیں۔ بار بار اس طرح کے سوال ایوان میں کرنا غلط ہے اور اس طرح سے ایوان نہیں چلتا۔ جانچ کے بعد اگر رپورٹ اطمینان بخش نہیں ہوگی تو عدالت اس معاملے کو نوٹس میں لے گا، یہ آپ کو اختیار نہیں ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے اسپیکر کے خلاف سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ آئین نکالیں۔ مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ ہمیں اس طرح کی مداخلت کسی طرح سے منظور نہیں ہے۔‘‘

Published: undefined

نتیش کمار کے تلخ لہجوں اور ان کی ناراضگی سے اسمبلی اسپیکر وجے سنہا اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے۔ انھوں نے کئی بار کہا کہ وہ چیئر کا احترام کریں، اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’آپ ہی بتا دیں کہ ایوان کیسے چلے گا۔ ہمیں آپ سب نے ہی یہاں بٹھایا ہے۔‘‘ اسپیکر نے بار بار یہ بھی کہا کہ ’’آپ کے وزیر قرقی ضبطی پر جواب نہیں دے پائے۔‘‘ اس پر نتیش نے کہا کہ ’’رپورٹ عدالت میں جائے گی اور آپ بار بار اس کے بدلے مداخلت کریں گے تو یہ غلط ہے۔‘‘ اسپیکر وجے سنہا نے وزیر اعلیٰ کے انداز پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ معاملہ میرے علاقے سے جڑا ہے۔ آپ ہم سے زیادہ آئین جانتے ہیں۔ لیکن چیئر کی بار بار حوصلہ شکنی اور متاثر کرنے کی کوشش نہ ہو۔ شفافیت بنائے رکھنا ہی مناسب ہوگا۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined