قومی خبریں

’خاتون ریزرویشن بل کا نفاذ مردم شماری اور حد بندی سے قبل ہو‘، راجیہ سبھا میں کانگریس کا مطالبہ

کانگریس لیڈر رنجیت رنجن نے راجیہ سبھا میں مطالبہ کیا کہ خاتون ریزرویشن بل کو مردم شماری اور حد بندی کے پہلے ہی نافذ کیا جانا چاہیے۔

رنجیت رنجن، تصویر آئی اے این ایس
رنجیت رنجن، تصویر آئی اے این ایس 

خاتون ریزرویشن بل (ناری شکتی وَندن ادھینیم) لوک سبھا سے پاس ہو چکا ہے اور جمعرات کو اس پر راجیہ سبھا میں بحث جاری ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ رنجیت رنجن نے اس بل کے تعلق سے ایوان بالا میں اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ایک تہائی سیٹیں محفوظ کرنے کی سہولت دینے والے اس بل کو رنجیت رنجن نے برسراقتدار طبقہ کا ’انتخابی ایجنڈا‘ اور ’جھنجھنا‘ ٹھہرایا۔ ساتھ ہی انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس مجوزہ قانون کو مردم شماری اور حد بندی کے پہلے ہی نافذ کیا جانا چاہیے۔

Published: undefined

کانگریس رکن پارلیمنٹ رنجیت رنجن نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انھیں اس بل کے پیچھے سازش نظر آتی ہے، کیونکہ حکومت ساڑھے نو سال بعد اسے لے کر آئی ہے۔ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد سیٹیں محفوظ کرنے کے التزام والے ’آئین (128ویں ترمیم) بل، 2023‘ پر ایوانِ بالا میں بحث کی شروعات کرتے ہوئے رنجیت رنجن نے کہا کہ 2014 کے عام انتخاب کے وقت بی جے پی کے انتخابی منشور میں خاتون ریزرویشن کی بات کی گئی تھی، لیکن اس نے اسے پیش کرنے میں اتنا طویل وقت لگا دیا۔ انھوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آخر اس بل کے لیے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کی کیا ضرورت تھی؟

Published: undefined

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس کی خاتون لیڈر نے کہا کہ حکومت کا مقصد اس بل کے ذریعہ سرخیاں بٹورنا ہے۔ اس بل کو انتخابی ایجنڈا قرار دیتے ہوئے رنجیت رنجن نے کہا کہ کیا حکومت اس کے ذریعہ ’جھنجھنا‘ (بچوں کا کھلونا) دکھا رہی ہے۔ حکومت کا ارادہ حد بندی کے بعد سیٹوں کی تعداد مین اضافہ کر ریزرویشن مہیا کرانا ہے تاکہ مردوں کی سیٹوں کی تعداد نہ گھٹے۔ انھوں نے درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقہ (او بی سی) کی خواتین کو بھی حقوق دیے جانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ سیاست کے دلدل میں تنہا خواتین کا اترنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسے میں انھیں اختیار یافتہ بنانے کی ضرورت ہے۔

Published: undefined

رنجیت رنجن نے بل کو ’ناری شکتی وَندن ادھینیم‘ نام دینے پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ برابری خواتین کا آئینی حق ہے اور اسے دیوی بنانا مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت بھلے ہی خواتین کے وَندن (سلام) کی بات کرتی ہے، لیکن اس کی کتھنی اور کرنی میں بہت فرق ہے۔ انھوں نے سوال کیا کہ اگر حکومت کو خواتین کو مناسب احترام ہی دینا تھا تو اس نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر قبائلی سماج سے آنے والی خاتون صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو کیوں نہیں مدعو کیا۔ جنتر منتر پر خاتون پہلوانوں کے دھرنے کا معاملہ ہو یا منی پور میں خواتین کے استحصال کا معاملہ، حکومت کے رخ کو سبھی نے دیکھا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب اقتدار حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تو خواتین کی ’وَندنا‘ کی جاتی ہے، لیکن خواتین کسی رحم کی محتاج نہیں۔ انھوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ایک بار کہا تھا کہ خواتین کے معاملے میں مردوں کی ذہنیت دوہری ہوتی ہے اور وہ خواتین کو احترام اور برابری دینے کے وقت اپنا پلہ جھاڑ لیتے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined