قومی خبریں

میونسپل الیکشن جیتنے پر روہنگیاؤں کے خلاف کریں گے سرجیکل اسٹرائیک: تلنگانہ بی جے پی

تلنگانہ میں برسراقتدار پارٹی ٹی آر ایس کے کارگزار صدر راما راؤ نے کہا کہ ’’مرکز میں اقتدار میں ہونے کے ناطے بی جے پی لیڈروں کو غریبی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر سرجیکل اسٹرائیک کرنا چاہیے۔‘‘

بنڈی سنجے کمار، تصویر آئی اے این ایس
بنڈی سنجے کمار، تصویر آئی اے این ایس 

پارلیمانی اور اسمبلی انتخاب میں لیڈروں کی شعلہ بیانی تو ہمیشہ دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن اب میونسپل انتخابات میں بھی حالات کچھ ایسے ہی نظر آ رہے ہیں۔ یکم دسمبر کو حیدر آباد میں میونسپل انتخاب ہونا ہے جس کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں کی مہم اپنے عروج پر ہے۔ اس درمیان تلنگانہ بی جے پی صدر اور رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کمار نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بی جے پی میونسپل انتخاب میں میئر کا عہدہ جیتتی ہے تو روہنگیاؤں اور پاکستانیوں کو بھگانے کے لیے اس پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرائیک کرے گی۔‘‘ یہ بیان انھوں نے حیدر آباد کے اولڈ سٹی علاقہ میں دیا۔ بی جے پی صدر کے اس بیان پر ٹی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔

Published: undefined

بی جے پی ریاستی صدر کے بیان پر اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی کو اولڈ سٹی میں پاکستانی شہریوں کی شناخت کرنے کا چیلنج پیش کیا ہے۔ اویسی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’میں بی جے پی کو 24 گھنٹے دیتا ہوں، انھیں بتانے دیں کہ اولڈ سٹی میں کتنے پاکستانی مقیم ہیں۔‘‘ ساتھ ہی اویسی نے بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو چینی پی ایل اے پر سرجیکل اسٹرائیک کرنے کا بھی چیلنج دیا۔ انھوں نے ایک انتخابی تشہیر کے دوران کہا کہ ’’میں بی جے پی کو بتانا چاہتا ہوں جس نے یہ بیان دیا ہے، اور میں وزیر اعظم کو بتانا چاہتا ہوں کہ چین کی پی ایل اے نے لداخ میں ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے۔ پی ایم مودی کیا آپ ہماری زمین پر قبضہ کرنے والے چین پر سرجیکل اسٹرائیک نہیں کریں گے۔‘‘

Published: undefined

دوسری طرف بی جے پی لیڈر کے متنازعہ بیان پر ٹی آر ایس کے کارگزار سربراہ کے ٹی راماراؤ نے بھی سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے سوال کیا ہے کہ کیا وزیر مملکت جی کشن ریڈی اپنی پارٹی کے معاون کے قابل مذمت اور نفرت انگیز تبصروں کی مذمت کریں گے۔ راما راؤ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’مرکز میں اقتدار میں ہونے کے ناطے بی جے پی لیڈروں کو غریبی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر سرجیکل اسٹرائیک کرنا چاہیے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined